• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا کا ہاکی ورلڈ کپ میں فاتحانہ آغاز

شائع November 30, 2018 اپ ڈیٹ December 1, 2018
ہاکی ورلڈ کپ میں انگلینڈ اور چین کے درمیان میچ کا ایک منظر— تصویر بشکریہ ٹوئٹر
ہاکی ورلڈ کپ میں انگلینڈ اور چین کے درمیان میچ کا ایک منظر— تصویر بشکریہ ٹوئٹر

ہاکی ورلڈ کپ 2018 میں دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا کی ٹیم نے فاتحانہ انداز میں ایونٹ کا آغاز کرتے ہوئے آئرلینڈ کو شکست دے دی جبکہ انگلینڈ اور چین کے درمیان مقابلہ 2-2 گول سے برابر رہا۔

بھارت کے شہر بھوبھنیشور میں جاری ہاکی کے عالمی کپ میں آسٹریلیا نے 11ویں منٹ میں پینالٹی کارنر پر گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔

28سال بعد ہاکی ورلڈ کپ میں شرکت کے باوجود آئرلینڈ نے میچ میں کمال مہارت کا ثبوت دیا اور پہلے کوارٹر کے اختتام سے قبل شان مرے کے پاس پر شین ڈونوگو نے گیند کو گول کی راہ دکھا کر مقابلہ برابر کردیا۔

میچ کے دوسرے کوارٹر میں کوئی بھی ٹیم گول اسکور نہ کر سکی لیکن تیسرے کوارٹر میں عالمی چیمپیئن ٹیم نے گول اسکور کر کے ایک مرتبہ پھر برتری حاصل کر لی۔

اس کے بعد آئرلینڈ نے کاؤنٹر اٹیک پر گول کی متعدد کوششیں کیں لیکن وہ مقابلہ برابر نہ کر سکے اور آسٹریلیا نے میچ میں فتح حاصل کر لی۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم لگاتار دو مرتبہ عالمی جیت چکی ہے اور 2018 کا ایونٹ جیت کر لگاتار تین ورلڈ کپ جیتنے والی دنیا کی پہلی ٹیم بن سکتی ہے۔

دن کا دوسرا میچ انگلینڈ اور چین کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جہاں چین کی ٹیم نے عالمی نمبر سات انگلینڈ کو کامیابی سے محروم کردیا۔

میچ کے لیے فیورٹ قرار دی جانے والی انگلش ٹیم کو اس وقت دھچکا لگا جب پانچویں منٹ میں چین کے ژیاؤ پنگ نے انگلینڈ کے تین دفاعی کھلاڑیوں کو مات دیتے ہوئے خوبصورت گول اسکور کیا۔

البتہ ان کی برتری زیادہ دیر تک قائم نہ رہ سکی اور انگلینڈ نے میچ میں گول اسکور کر کے مقابلہ برابر کردیا۔

اس کے بعد انگلینڈ نے میچ میں برتری کے حصول کی کئی کوششیں کیں لیکن وہ اگلے دونوں کوارٹرز میں چینی دفاعی حصار کو توڑنے میں ناکام رہے البتہ میچ کے 48ویں منٹ میں لیام آنسل نے اس جمود کو توڑتے ہوئے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔

چین کی ٹیم نے خسارے میں جانے کے باوجود ہمت نہ ہاری اور میچ ختم ہونے سے ایک منٹ قبل انہوں نے گول کر کے مقابلہ 2-2 سے برابر کردیا۔

عالمی کپ میں پاکستان کی ٹیم اپنا پہلا میچ کل جرمنی کے خلاف کھیلے گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024