یاسر شاہ نے 14وکٹیں لے کر نیا عالمی ریکارڈ بنا دیا
مایہ ناز پاکستانی اسپنر یاسر شاہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں 14وکٹیں لے کر نیا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
پاکستانی اسپنر نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں 8 اور دوسری اننگز میں 6وکٹیں لیتے ہوئے مجموعی طور پر 184رنز کے عوض 14وکٹیں حاصل کیں جو نیوزی لینڈ کے خلاف کسی بھی باؤلر کی بہترین باؤلنگ کا نیا عالمی ریکارڈ ہے۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں بہترین باؤلنگ کا ریکارڈ عظیم ویسٹ انڈین فاسٹ باؤلر کورٹنی والش کے پاس تھا جنہوں نے 1995 میں 55رنز کے عوض 13وکٹیں لے کر یہ ریکارڈ بنایا تھا۔
ضرور پڑھیں: یاسر شاہ نے ایک ہی دن میں کئی ریکارڈز اپنے نام کر لیے
یاسر شاہ نے میچ میں 14 وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام دے کر پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ میچ میں بہترین باؤلنگ کا سابق کپتان عمران خان کا ریکارڈ برابر کردیا۔
پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں بہترین باؤلنگ کا ریکارڈ اب بھی عمران خان کے پاس جنہوں نے 1982 میں لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں سری لنکا کے خلاف 116رنز کے عوض 14وکٹیں حاصل کی تھیں ۔
متحدہ عرب امارات تقریباً گزشتہ 10سال سے پاکستان کا ہوم گراؤنڈ ہے لیکن نیوزی لینڈ کے خلاف اننگز اور 16رنز کی فتح پاکستان کی متحدہ امارات میں کسی بھی ٹیم کے خلاف اننگز یا اس سے زیادہ مارجن سے پہلی فتح ہے۔