• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:02pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:02pm

احمد شہزاد کے کیریئر کا اختتام؟

شائع November 21, 2018 اپ ڈیٹ January 24, 2019
ناقص فارم اور تنازعات کے سبب احمد شہزاد کا کیریئر روبہ زوال ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی
ناقص فارم اور تنازعات کے سبب احمد شہزاد کا کیریئر روبہ زوال ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی

قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز احمد شہزاد کیریئر کے بدترین دور سے گزر رہے ہیں، مثبت ڈوپ ٹیسٹ کے سبب پابندی کے شکار بلے باز کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن کے ڈرافٹس میں کسی بھی ٹیم نے اہمیت نہ دی جبکہ انہیں سپلیمنٹری کیٹیگری میں منتخب کیا گیا۔

پاکستان سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اوپننگ بلے باز کا انتخاب پلاٹینم کیٹیگری میں کیا تھا اور پھر لیگ کے اگلے ایڈیشن کے لیے بھی انہیں گلیڈی ایٹرز نے پلاٹینم کیٹیگری میں برقرار رکھا۔

مزید پڑھیں: پاکستان سپر لیگ 2019 کیلئے تمام ٹیموں کی مکمل تفصیل

پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں احمد شہزاد ناکامی سے دوچار ہوئے اور کچھ خاص کارکردگی نہ دکھا سکے۔

احمد شہزاد پر قومی ٹیم کے دروازے بند ہوئے تو ان کی مشکلات ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتی گئیں اور گلیڈی ایٹرز نے تیسرے ایڈیشن کے لیے انہیں اپنے اسکواڈ سے ریلیز کردیا۔

تیسری ایڈیشن کے لیے ہونے والے ڈرافٹ میں بھی احمد شہزاد کو پلاٹینم کیٹیگری میں رکھا گیا تھا لیکن ڈرافٹ کے عمل کے دوران ابتدائی 17 کھلاڑیوں میں ان کا انتخاب نہیں کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی، احمد شہزاد پر 4ماہ کی پابندی

اس کے بعد اوپننگ بلے باز کی کیٹیگری کم کر کے انہیں گولڈ کیٹیگری میں جگہ دی گئی جس میں ملتان سلطانز نے ان کی خدمات حاصل کیں۔

تیسرے ایڈیشن میں بھی احمد شہزاد کچھ خاص کرنے سے قاصر رہے جس سے ان کی قومی ٹیم میں واپسی کے امکانات مزید کم ہو گئے۔

اس دوران سابق کوچ وقار یونس نے احمد شہزاد اور ان کے ساتھی کھلاڑی عمر اکمل کے رویے اور ڈسپلن پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بورڈ سے مبینہ طور پر سفارش کی تھی کہ دونوں کھلاڑیوں پر طویل عرصے کے لیے پابندی لگائی جائے۔

بورڈ نے ان کی سفارشات پر تو عمل نہ کیا لیکن ان دونوں ہی کھلاڑیوں نے اس غلطی سے سبق نہ سیکھا اور ان پر قومی ٹیم کے دروازے بند ہو گئے۔

عمر اکمل پر تو پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کے لیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مہربان ہو گئی لیکن احمد شہزاد زیادہ خوش قسمت ثابت نہ ہو سکے۔۔

احمد شہزاد پاکستان کی جانب سے 13 ٹیسٹ، 81 ون ڈے انٹرنیشنل اور 57 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیل چکے ہیں، وہ پاکستان کی جانب سے تینوں فارمیٹس میں سنچریاں بنانے والے واحد بیٹسمین ہیں۔

لیکن بیٹنگ میں غیرمستقل مزاجی نے ان کے کیریئر کا سوالیہ نشان لگا دیا اور ان کے کیریئر کو سب سے بڑا دھچکا اس وقت لگا جب رواں سال اپریل میں پاکستان کپ کے ایک میچ کے دوران لیے گئے ڈوپ ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا۔

مزید پڑھیں: 33 کھلاڑیوں کیلئے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان، احمد شہزاد محروم

مثبت ڈوپ ٹیسٹ کے سبب احمد شہزاد پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے 4ماہ کی پابندی عائد کی، جس کا خاتمہ 10نومبر کو ہونا تھا لیکن بلے باز نے پابندی کے باوجود کلب کرکٹ کھیل کر بورڈ کے اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کی، جس کے سبب ان کی پابندی میں اضافہ کردیا گیا تھا اور اب وہ 22دسمبر تک کسی قسم کی کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے۔

اس تمام تر صورتحال میں اوپننگ بلے باز کی مشکل اس وقت مزید بڑھ گئی، جب پی سی بی نے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کرتے ہوئے احمد شہزاد کو اس فہرست کا حصہ نہیں بنایا۔

پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے سلسلے میں اسلام آباد میں ڈرافٹ ہوئے اور احمد شہزاد اور ان کے شائقین کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب کسی بھی ٹیم نے اوپننگ بلے باز کو ترجیح نہ دی اور کسی بھی ٹیم نے انہیں اپنے ابتدائی 16رکنی اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا۔

یہ بھی پڑھیں: احمد شہزاد کی پابندی میں 6 ہفتوں کا اضافہ

حتمی کھلاڑیوں کے انتخاب کے بعد سپلیمنٹری کھلاڑیوں کی کیٹیگری میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اوپننگ بلے باز کو منتخب کیا اور کسی کھلاڑی کی عدم دستیابی یا مستقل انجری کی صورت ہی اب وہ گلیڈی ایٹرز کے لیے کھیل سکیں گے۔

اب دیکھنا ہو گا کہ احمد شہزاد اس برے دور سے نکلنے میں کامیاب ہوتے ہیں یا پھر پی ایس ایل ڈرافٹ میں ہونے والی یہ خفت ان کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گی۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024