ہاکی ورلڈ کپ کیلئے پاکستانی ٹیم کی کٹ کی تقریب رونمائی
رواں ماہ بھارت میں شیڈول ہاکی ورلڈ کپ کے لیے خصوصی ترانہ لانچ کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کی کٹ کی رونمائی بھی کردی گئی۔
عالمی کپ کے لیے قومی ٹیم کی بھارت روانگی سے قبل ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں قومی ٹیم کی کٹ کی رونمائی کے ساتھ ساتھ خصوصی ورلڈ کپ ترانہ بھی لانچ کیا گیا۔
ہاکی ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کے اسپانسر ’ہائیر پاکستان‘ کے لاہور آفس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے عہدیداران اور سابق کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی۔
پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی، پاکستان ہاکی فیڈریشن کی مینجمنٹ اور پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان نے ورلڈ کپ کٹ کی رونمائی کی۔
اس موقع پر ہاکی ورلڈ کپ کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم کے لیے خصوصی طور پر تیار کردہ اینتھم بھی پیش گیا جسے معروف موسیقار و کمپوزر ساحر علی بگا اور شہاب نے تیار کیا ہے۔
ہائیر پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے کہا ماضی میں چار مرتبہ ورلڈ کپ، تین بار چیمپیئنز ٹرافی اور تین بار اولمپک گولڈ میڈل جیت کر پاکستان ہاکی ٹیم نے سبز ہلالی پرچم بلند کیا اور امید ہے کہ ٹیم بھارت میں شیڈول ورلڈ کپ میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔
اس موقع پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کی مینجمنٹ، قومی ہاکی ٹیم کے کپتان رضوان سینیئر اور دیگر کھلاڑیوں نے عالمی کپ سے قبل بھرپور حوصلہ افزائی پر جاوید آفریدی اور ہائیر پاکستان کی مینجمنٹ کا شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن اور ہائیر پاکستان کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں جس کے تحت 2020 تک ہائیر قومی ہاکی ٹیم کا خصوصی اسپانسر رہے گا۔
ہاکی ورلڈ کپ رواں ماہ 28 نومبر سے 16دسمبر تک بھارت کے شہر بھوبھنیشور کے کلنگا اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جس میں 16 ٹیمیں شرکت کریں گی اور عالمی چیمپیئن آسٹریلیا ایونٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔