شادی کے لیے تیرتا سوئمنگ پول اور 75 کمروں کا ہوٹل بک
بولی وڈ کے رومانٹک جوڑے دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی شادی 14 نومبر کو یورپی ملک اٹلی کے معروف سیاحتی مقام ’لیک کومو‘ میں جنوبی بھارتی انداز میں ہوئی۔
چوں کہ دپیکا پڈوکون کا تعلق جنوبی ہندوستان اور کے ہند آریائی نسل سے ہے، اس لیے ان کی شادی کونکنی انداز میں ہوئی۔ تاہم جوڑے نے سندھی روایات کے مطابق بھی 15 نومبر کو ایک بار پھر شادی کی۔
جوڑے نے سندھی روایات میں اس لیے شادی کی، کیوں کہ رنویر سنگھ کا تعلق سندھی نسل سے ہے۔
اگرچہ دونوں کی شادی میں انتہائی کم مہمان شامل ہوئے اور 24 گھنٹے گزر جانے کے باوجود دونوں کی عروسی لباس کی تصاویر سامنے نہیں آئیں۔
تاہم ان کی شادی کے حوالے سے دوسری اہم معلومات نے لوگوں کو حیران کردیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رنویر اور دپیکا نے جس سیاحتی مقام پر شادی کی اس کا شمار دنیا کے مہنگے، پر تعیش اور معروف مقامات میں ہوتا ہے۔
لیک کومو میں ان سے پہلے بھی کئی شوبز شخصیات شادی سمیت دیگر رسومات کی تقریبات منعقد کر چکی ہیں۔
اکانامکس ٹائمز کے مطابق دونوں کی شادی معروف سیاحتی مقام لیک کومو کے پر تعیش قصبے ولا ڈیل بالبیانیلو کے پر تعیش ہوٹل میں ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق جزیرہ نما یہ علاقہ رومن دور سے ہی لوگوں کی توجہ کا مرکز رہا ہے اور اس کا شمار نہ صرف اٹلی بلکہ یورپ کے گہرے جزیروں میں بھی ہوتا ہے۔
انڈیا ٹوڈے کے شوبز صحافی سشانت مہتا کے مطابق رنویر اور دپیکا نے شادی کے لیے 75 کمروں پر مشتمل شاندار ولا کو بک کرایا۔
ڈیلی ہنٹ کے مطابق رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون کی شادی کے لیے اسی علاقے میں موجود ایک ریزورٹ کی بکنگ کرائی گئی ہے، جس میں 4 پر تعیش ریسٹورانٹ شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کونکنی کے بعد رنویر اور دپیکا کی سندھی روایات کے مطابق شادی
رپورٹ کے مطابق اس ریزورٹ میں جہاں پر تعیش ریسٹورانٹ ہیں، وہیں اس میں ایک دیدہ زیب بار بھی موجود ہے۔
رپورٹ کے مطابق رنویر اور دپیکا کی شادی کے لیے جس ریزورٹ کو بک کیا گیا ہے، اس میں 4 کانفرنس رومز اور کشادہ سوئمنگ پول کے علاوہ صحن بھی موجود ہے۔
اس ریزورٹ کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں ایک تیرتا ہوا سوئمنگ پول بھی ہے، جو علاقے میں موجود سمندر میں تیرتا رہتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس ریزورٹ کے 75 کمرے ہیں، جن کو 17 نومبر تک بک کیا گیا ہے اور ہر کمرے کا ایک دن کا کرایہ 40 ہزار روپے تک ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جوڑے کی جانب سے شادی کے لیے بک کیے گئے ریزورٹ پر مجموعی خرچہ 3 کروڑ روپے تک آئے گا۔
شادی کی رسومات اگرچہ اس ریزورٹ کے اندر نہیں ہوں گی، تاہم جہاں رسومات ہوں گی وہ جگہ اس کے بہت قریب ہے اور ممکنہ طور پر دولہا اور دلہن شادی کی رسومات کے بعد بذریعہ سمندر اس ریزورٹ میں پہنچیں گے۔