• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

بابر ٹی20 کے عالمی نمبر ایک بلے باز برقرار، شاہین کی 41درجہ ترقی

شائع November 12, 2018
بابر اعظم نے ٹی20 سیریز میں سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا— فوٹو: اے ایف پی
بابر اعظم نے ٹی20 سیریز میں سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا— فوٹو: اے ایف پی

نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز میں شاندار کارکردگی کی بدولت عالمی نمبر ایک بلے باز بابر اعظم نے اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لی ہے جبکہ محمد حفیظ کی بھی عالمی درجہ بندی میں ترقی ہوئی ہے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے ساتھ ساتھ ویسٹ انڈیز اور بھارت کے درمیان ہونے والے ٹی20 سیریز کے اختتام پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے نئی رینکنگ جاری کردی ہے جس میں بابر اعظم عالمی نمبر ایک بلے باز کی پوزیشن پر برقرار رہیں۔

اوپننگ بلے باز نے مجموعی طور پر سیریز میں 126رنز اسکور کیے جبکہ سیریز میں 132رنز بنانے کی بدولت تجربہ کار بلے باز محمد حفیظ 16 درجے ترقی کر کے 53ویں نمبر پر آ گئے ہیں، شعیب ملک بھی ایک درجہ بہتری کے ساتھ 28ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

سیریز میں 0-3 کی کلین سوئپ شکست کے باوجود نیوزی لینڈ کے کچھ کھلاڑی سیریز میں متاثر کن کارکردگی کی بدولت اپنی انفرادی پوزیشن بہتر کرنے میں کامیاب رہے۔

کولن منرو ایک درجہ ترقی پا کر تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن تین درجے بہتری کے ساتھ 12ویں نمبر پر پہنچنے میں کامیا ب ہو گئے اور پانچ درجے ترقی روس ٹیلر کو 59ویں نمبر پر لے آئی۔

دوسری جانب بھارت کے ویسٹ انڈیز کے خلاف 0-3 سے کلین سوئپ کے ساتھ کئی میزبان کھلاڑیوں کی عالمی درجہ بندی میں ترقی ہوئی ہے اور قائم مقام کپتان روہت شرما کو تین درجے کی ترقی ساتویں نمبر پر لے آئی جبکہ شیکھر دھاون چھ چھلانگیں لگاتے ہوئے 16ویں نمبر پر آ گئے۔

لوکیش راہل رینکنگ ممیں بھارت کے سب سے کامیاب بلے باز ہیں لیکن سیریز میں متاثر کن کھیل پیش نہ کرنے پر وہ ایک درجہ تنزلی کے بعد چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

باؤلنگ کے شعبے میں پاکستان کے فہیم اشرف پہلی مرتبہ ٹاپ10 کھلاڑیوں کی فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے اور ساتویں نمبر پر پہنچ گئے جبکہ دو درجہ ترقی عماد وسیم کو بھی آٹھویں نمبر پر لے آئی۔

سب سے زیادہ ترقی شاہین شاہ آفریدی نے حاصل کی جو 41درجے ترقی کے ساتھ 78ویں نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ محمد حفیظ نے بھی 20درجہ بہتری حاصل کی اور عالمی درجہ بندی میں 59ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

افغانستان کے راشد خان بدستور عالمی نمبر ایک باؤلر ہیں جبکہ پاکستان کے شاداب خان دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

اش سودھی نیوزی لینڈ کے سرفہرست باؤلر ہیں لیکن سیریز میں دو درجہ تنزلی کے ساتھ انہیں بھی پانچویں پوزیشن پر اکتفا کرنا پڑا۔

بھارت کے باؤلرز نے بھی نمایاں بہتری حاصل کی اور بھونیشور کمار، جسپریت بمراہ، کلدیپ یادو اور یزویندر چاہل بالترتیب 19، 21، 23 اور چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

ٹیموں کی رینکنگ میں پاکستان 138پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر موجود ہے جبکہ بھارت 127پوائنٹس کے ساتھ دوسرے درجے پر براجمان ہے۔

آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں یکساں 118 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر موجود ہیں جبکہ پاکستان کے خلاف شکست کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم تنزلی کا شکار ہو کر پانچویں نمبر پر پہنچ گئی۔

ٹیموں کی ریکنکنگ میں جنوبی افریقہ چھٹے، ویسٹ انڈیز ساتویں، افغانستان آٹھویں، سری لنکا نویں اور بنگلہ دیش دسویں نمبر پر موجود ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024