کینسر میں مبتلا عرفان خان کے حوالے سے بڑی خبر
بولی وڈ کے ورسٹائل اداکارعرفان خان جنہیں رواں برس مارچ میں نیورو اینڈو کرائن کا مرض لاحق ہوگیا تھا اور وہ علاج کے لیے بھارت سے برطانیہ منتقل ہوگئے تھے۔
ان کے حوالے سے ایک اہم اور بڑی خبر سامنے آئی ہے۔
عرفان خان نے جہاں بیماری کے علاج کے دوران بھی ہمت نہیں ہاری اور اپنے مداحوں کو وقتا بوقتا اپنی صورتحال سے آگاہ کرتے رہتے تھے۔
ان کے حوالے سے رواں برس اگست میں خبر سامنے آئی تھی کہ ان کی 6 کیموتھراپیاں مکمل ہوگئیں۔
رپورٹس تھیں کہ کیموتھراپیوں کی وجہ سے وہ کافی کمزور ہوگئے ہیں، تاہم مجموعی طور پر ان کی حالت بہتر بتائی گئی تھی۔
یہ اطلاعات بھی تھیں کہ عرفان خان صحت مند ہوتے ہی فلمی دنیا میں واپسی کریں گے اور ممکنہ طور پر وہ اپنی 2017 کی فلم ’ہندی میڈیم‘ کے سیکوئل سے اداکاری کا ایک بار پھر آغاز کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: عرفان خان صحت مند زندگی کی طرف لوٹنے لگے
اور اب ان کے حوالے سے ایک اہم اور بڑی خبر سامنے آئی ہے، جس کے مطابق وہ جلد ہی لندن سے بھارت منتقل ہوجائیں گے۔
بولی وڈ لائف نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ عرفان خان اگلے 2 دن کے اندر بھارت پہںچیں گے۔
رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ عرفان خان کی لندن سے بھارت منتقلی کا مطلب یہ ہے کہ ان کی صحت بہتر ہو رہی ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ نہ صرف عرفان خان کی صحت بہتر ہو رہی ہے، بلکہ وہ اگلے ڈیڑھ ماہ کے اندر اپنی فلم ‘ہندی میڈیم’ کے سیکوئل کی شوٹنگ کے آغاز کا ارادہ بھی رکھتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق امکان ہے کہ عرفان خان دسمبر کے پہلے یا پھر دوسرے ہفتے میں ‘ہندی میڈیم‘ کے سیکوئل کی شوٹنگ شروع کردیں گے۔
خیال رہے کہ ’ہندی میڈیم‘ 2017 میں ریلیز ہوئی تھی، جس میں پاکستانی اداکارہ صبا قمر نے عرفان خان کی اہلیہ کا کردار نبھایا تھا۔
مزید پڑھیں: جیسے میرا سفر ختم ہونے کو ہے، عرفان خان
اب اسی فلم کا سیکوئل بنایا جائے گا، جس کا اعلان عرفان خان کی صحت خراب ہونے سے پہلے ہی کیا گیا تھا، تاہم ان کے بیمار پڑنے کے بعد اس کی شوٹنگ منسوخ کردی گئی تھی۔
اب اطلاعات ہیں کہ عرفان خان صحت یاب ہونے کے بعد پہلی فلم ‘ہندی میڈیم 2‘ میں کام کریں گے، جس میں ان کی بیٹی کا کردار سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان ادا کریں گی۔
علاوہ ازیں عرفان خان کی دپیکا پڈوکون کے ساتھ بھی ایک فلم کا اعلان کیا گیا تھا، جس کی شوٹنگ بھی ان کے بیمار ہونے کے بعد منسوخ کی گئی تھی، تاہم امکان ہے کہ اس پر بھی جلد ہی کام شروع کردیا جائے گا۔