• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

تنوشری دتہ نے 4 افراد کے خلاف جنسی ہراساں کا مقدمہ درج کروادیا

شائع October 11, 2018
تنوشری دتہ نے 2005 کی فلم عاشق بنایا آپ سے شہرت حاصل کی—فائل فوٹو: مڈ ڈے
تنوشری دتہ نے 2005 کی فلم عاشق بنایا آپ سے شہرت حاصل کی—فائل فوٹو: مڈ ڈے

بولی وڈ اداکارہ 34 سالہ تنوشری دتہ نے گزشتہ ماہ 26 ستمبر کو دعویٰ کیا تھا کہ 2008 میں فلم ‘ ہارن اوکے پلیز’ کی شوٹنگ کے دوران انہیں جنسی طور پر ہراساں کیا گیا۔

اداکارہ نے الزام عائد کیا تھا کہ فلم کے گانے ‘نتھنی اتارو’ کی شوٹنگ کے دوران نانا پاٹیکر ان کے ساتھ نازیبا سین شوٹ کروانا چاہتے تھے، جس پر انہوں نے انکار کیا۔

اداکارہ نے ساتھ ہی اس گانے کے کوریو گرافر گنیش اچاریہ سمیت فلم ساز راکیش سارنگ اور فلم پروڈیوسر سمی صدیقی پر بھی جنسی طور پر ہراساں کرنے اور نازیبا رویہ اختیار کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

اگرچہ بعد ازاں تنوشری دتہ نے 28 ستمبر کو ایک اور فلم ہدایت کار وویک اگنی ہوتری پر بھی جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کا الزام عائد کیا تھا۔

تاہم اب اداکارہ نے وویک اگنی ہوتری کو چھوڑ کر باقی چاروں افراد کے خلاف جنسی طور پر ہراساں کرنے کا مقدمہ درج کروادیا۔

ڈی این اے انڈیا کے مطابق تنوشری دتہ نے ممبئی کے اوشیواڑہ پولیس تھانے میں اداکار نانا پاٹیکر، کوریو گرافر گنیش اچاریہ، فلم میکر راکیش سارنگ اور فلم پروڈیوسر سمی صدیقی کے خلاف باقاعدہ طور پر مقدمہ درج کروادیا۔

رپورٹ کے مطابق ابتدائی طور پر تنوشری دتہ نے پولیس کو 4 گھنٹے پر طویل اپنا آڈیو بیان ریکارڈ کروایا جو کہ انگریزی زبان میں ریکارڈ کروایا گیا۔

تنوشری دتہ نے 2008 میں شوٹنگ کے دوران ہراساں کرنے والے افراد کے خلاف مقدمہ درج کروایا—فوٹو: ہندوستان ٹائمز
تنوشری دتہ نے 2008 میں شوٹنگ کے دوران ہراساں کرنے والے افراد کے خلاف مقدمہ درج کروایا—فوٹو: ہندوستان ٹائمز

آڈیو ریکارڈ کے بعد اداکارہ کی جانب سے باقاعدہ طور پر چاروں افراد کے خلاف مقدمہ درج کروادیا گیا۔

تنوشری دتہ کے وکیل نتم ستپیوت نے بتایا کہ ان کی مؤکل نے چاروں افراد کے خلاف جنسی طور پر ہراساں کرنے کا مقدمہ دائر کیا گیا۔

اداکارہ کے وکیل کا کہنا تھا کہ مقدمہ تعزیرات ہند کی شق 354 اور شق 509 کے تحت درج کیا گیا۔

اداکارہ برقع پہن کر پولیس تھانے پہنچیں—فوٹو: انڈین ایکسپریس
اداکارہ برقع پہن کر پولیس تھانے پہنچیں—فوٹو: انڈین ایکسپریس

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ پہلے تو اس بات کی تحقیقات کی جائے گی کہ 10 سال قبل شوٹنگ کے وقت کیا ہوا تھا، جس کے بعد ہی اداکارہ کو ہراساں کیے جانے کی تحقیقات شروع کی جائے گی۔

خیال رہے کہ تنوشری دتہ نے 6 اکتوبر کو بھی 2008 میں ‘ہارن اوکے پلیز’ کی شوٹنگ کے دوران ہونے والے واقعے کے حوالے سے ایک مقدمہ درج کروایا تھا۔

تنوشری دتہ کی جانب سے درج کروائے گئے مقدمے میں تعزیرات ہند کی شق 141، 143، 144، 145، 147، 148، 149، 341، 504 اور323 شامل کی گئی تھیں، تاہم اس مقدمے میں جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کی دفعات شامل نہیں کی گئی تھیں اور اب اداکارہ نے دوسرا مقدمہ درج کرواتے ہوئے 4 افراد کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے لیے نامزد کیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024