• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

برطانوی وفد میں شامل بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا ڈیم فنڈ کیلئے عطیہ

شائع October 2, 2018

برطانیہ کے پارلیمانی افسران اور اسکالرز پر مشتمل وفد نے چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان میاں ثاقب نثار سے ملاقات کی اور ڈیم فنڈ کے لیے عطیہ دیا۔

سپریم کورٹ کے ترجمان کے مطابق برطانوی وفد نے لارڈ ڈیوڈ پیٹرک کی سربراہی میں چیف جسٹس سے ملاقات کی۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے برطانوی وفد کو پاکستان کے عدالتی نظام، آئین پاکستان میں بنیادی انسانی حقوق اور اقلیتوں کو فراہم کیے گئے تحفظ سے متعلق وفد کو آگاہ کیا۔

مزید پڑھیں : سپریم کورٹ: ڈیم فنڈ کے بینک اکاؤنٹ ٹائٹل میں تبدیلی کی منظوری

برطانوی وفد نے ملاقات کے لیے وقت دینے پر چیف جسٹس کا شکریہ ادا کیا اور وفد میں شامل بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ڈیم فنڈ کے لیے عطیہ بھی دیا۔

چیف جسٹس نے ڈیم فنڈ میں مزید 2 لاکھ روپے عطیہ کردیے

علاوہ ازیں ترجمان سپریم کورٹ کے مطابق چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے ڈیم فنڈ میں مزید 2 لاکھ روپے عطیہ کردیے۔

ترجمان نے بتایا کہ چیف جسٹس نے ایک لاکھ روہے نجی چینل کی ڈیم میراتھن ٹرانسمیشن کے دوران دیے اور ایک لاکھ لاہور کیتھڈرل چرچ کے دورے کے دوران عطیہ کیے۔

سپریم کورٹ کے ترجمان کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان نے یہ 2 لاکھ روپے اپنی جیب سے ڈیم فنڈ میں عطیہ کیے۔

یہ بھی پڑھیں : جنرل قمر باجوہ نے فوج کی جانب سے ڈیم فنڈ میں 1 ارب روپے عطیہ کردیے

یاد رہے کہ افواج پاکستان کی جانب سے سپریم کورٹ ڈیم فنڈ کے لیے 1 ارب 59 لاکھ 90 ہزار روپے عطیہ کیے گئے جبکہ وزیر ریلوے شیخ رشید نے پاکستان ریلوے کی جانب سے سالانہ 10 کروڑ روپے ڈیم فنڈ کی مد میں رقم اکٹھا کرنے کے لیے 100 روپے والے ٹکٹ پر 1 روپیہ بڑھانے کا عندیہ دیا تھا۔

خیال رہے کہ رواں برس جولائی میں سپریم کورٹ آف پاکستان نے دیامر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی فوری تعمیر کا حکم دیتے ہوئے چیئرمین واپڈا کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی تھی۔

چیف جسٹس نے ڈیموں کی تعمیر کے لیے عطیات کا خصوصی اکاؤنٹ بنانے کی ہدایت کی تھی اور اندرون ملک و بیرونی ممالک میں مقیم پاکستانیوں سے ڈیم کی تعمیر کے لے عطیات دینے کی اپیل کی تھی۔

اس ہدایت کے ساتھ ہی چیف جسٹس نے اپنی جانب سے 10 لاکھ روپے ڈیم فنڈ میں عطیہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

بعد ازاں وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد ڈیم تعمیر کرنے کی اس مہم میں وزیر اعظم عمران خان نے بھی بھرپور حصہ لیا تھا۔

قوم سے اپنے دوسرے خطاب میں انہوں نے پاکستانیوں سے ڈیم بنانے کے لیے اپنا حصہ ڈالنے پر زور دیتے ہوئے اپیل کی تھی کہ بیرون ملک پاکستانی وہ ڈیم بنانے کے لیے فنڈ میں ڈالرز بھیجیں۔

بعد ازاں ڈیم فنڈ میں وزیراعظم کی شمولیت کے بعد اکاؤنٹ ٹائٹل ’ سپریم کورٹ وزیر اعظم فنڈ برائے دیامر بھاشا اور مہمنڈ ڈیم‘ رکھنے کی منظوری دے دی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024