• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

ایشیا کپ: پاکستان کو بنگلہ دیش سے بھی شکست، فائنل سے باہر

شائع September 26, 2018 اپ ڈیٹ September 27, 2018
—فوٹو:اے پی
—فوٹو:اے پی
—فوٹو:اے ایف پی
—فوٹو:اے ایف پی

ایشیا کپ کے اہم میچ میں پاکستانی بلے بازوں نے جنید خان کی بہترین کارکردگی پر پانی پھیرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر مایوس کن کھیل پیش کیا اور بنگلہ دیش نے یہ میچ 37 رنز سے جیت کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا جہاں ان کا مقابلہ بھارت سے ہوگا۔

ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیمی فائنل میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ابتدا میں یہ فیصلہ غلط نظر آرہا تھا تاہم مشفق الرحیم اور محمد متھن کے بعد مستفیض الرحمٰن سمیت دیگر باؤلرز نے کپتان کے فیصلے کو درست ثابت کر دکھایا۔

ایشیا کپ 2018 میں پہلی مرتبہ ٹیم کا حصہ بننے والے پاکستانی فاسٹ باؤلر جنید خان نے زبردست باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور بنگلہ دیش کے اوپنرز کو صرف 12 رنز پر پویلین بھیج دیا۔

—فوٹو:اے ایف پی
—فوٹو:اے ایف پی

سومیا سرکار صفر پر آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز تھے جس کے بعد مومن الحق 5 اور لٹن داس 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

شاہین شاہ آفریدی نے جنید خان کا ساتھ دیتے ہوئے دوسرے اینڈ سے مومن الحق کو بھی 12 کے اسکور پر آوٹ کیا تو بنگلہ دیشی ٹیم مشکلات کا شکار ہوچکی تھی تاہم چوتھی وکٹ میں بلے بازوں نے ذمہ دارنہ کارکردگی دکھائی۔

بنگلہ دیش کے تجربہ کار بلے باز مشفق الرحیم نے محمد متھن کے ساتھ مل کر اپنی ٹیم کو مشکل سے نکال کر اچھی پوزیشن پر لا کھڑا کیا اور دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کرلیں۔

محمد متھن نے 144 رنز کی شراکت قائم کرنے کر کے 156 کےمجموعے پر 60 رنز کی انفرادی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، انہیں حسن علی آؤٹ کیا جس کے بعد امرالقیس 9 رنز بنا آؤٹ ہوئے۔

—فوٹو: اے پی
—فوٹو: اے پی

مشفق الرحیم نے شاندار کارکردگی دکھائی تاہم وہ صرف ایک رن کے فرق سے اپنی سنچری مکمل نہیں کرپائے اور 99 رنز بنا کر 197 کے مجموعے پر شاہین آفریدی کا شکار بنے۔

جنید خان کو باؤلنگ کے ایک مرتبہ پھر واپس لایا گیا تو انہوں نے ایک اور کامیابی دلاتے ہوئے 12 رنز پر کھیلنے والے مہدی حسن میراز کو 221 کے مجموعے پر پویلین بھیج دیا جس کے بعد 230 پر محمود اللہ کی وکٹیں بھی اڑا دیں۔

مشرفی مرتضیٰ اور روبیل حسین 239 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے تو بنگلہ دیش کی پوری ٹیم اسی مجموعے پر آؤٹ ہوچکی تھی یوں پاکستان کو مقررہ 50 اوورز میں 240 رنز کا ہدف مل گیا۔

پاکستان کی جانب سے جنید خان نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں، شاہین آفریدی اور حسن علی نے 2،2 اور شاداب خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو پہلا نقصان پر فخر زمان کی صورت میں برداشت کرنا پڑا جب انہوں نے پہلے ہی اوور میں مہدی حسن میراز کی گیند پر روبیل حسین کو کیچ دے دیا جس کے بعد اگلے اوور مستفیض الرحمٰن نے بابراعظم کو بھی آؤٹ کردیا۔

—فوٹو:اے ایف پی
—فوٹو:اے ایف پی

کپتان سرفراز احمد ایک مرتبہ پھر ناکام رہے اور 18 کے مجموعے پر 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

شعیب ملک نے امام الحق کے ساتھ چوتھی وکٹ کی شراکت میں 67 رنز کا اضافہ کیا لیکن 85 کے مجموعے پر ایک اہم وقت میں وہ 30 رنز بنا کر روبیل حسین کو وکٹ دے بیٹھے جس کے بعد شاداب خان کو بھیج دیا گیا جنہوں نے صرف 4 رنز بنائے اور 94 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔

آصف علی نے امام الحق کا بڑی حد تک ساتھ دیا اور 71 رنز کی ایک اچھی شراکت قائم کی مگر 31 رنز بنا کر 165 کے مجموعے پر آوٹ ہوئے جس کے بعد امام الحق بھی زیادہ دیر وکٹ پر ٹھہر نہ سکے۔

—فوٹو:اے پی
—فوٹو:اے پی

امام الحق کی مزاحمت 83 رنز بنا کر دم توڑ گئی جب ٹیم کا اسکور 167 رنز تھا جس کے بعد حسن علی بیٹنگ کے لیے آئے 8 بنا کر 181 کے اسکور پر مستفیض الرحمٰن کی گیند پر مشرفی مرتضیٰ کو کیچ تھمایا اور واپس چل دیے۔

محمد نواز بھی ٹیم کے لیے کچھ نہ کر سکے اور صرف 8 رنز بنا کر مستفیض الرحمٰن کی وکٹ بن گئے جبکہ جنید خان اور شاہین آفریدی نے آخری وکٹ میں 16 رنز کا اضافہ کیا۔

پاکستان نے ہدف کے تعاقب میں مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں پر 202 رنز بنائے اور یوں 37 رنز سے میچ ہار کر ایشیا کپ کے فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئے۔

شاہین آفریدی 14 اور جنید خان نے آؤٹ ہوئے بغیر 3 رنز بنائے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے مستفیض الرحمٰن نے 4 وکٹیں حاصل کیں، مہدی حسن میراز نے 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

خیال رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا گیا میچ ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت سے مقابلے کے لیے نہایت اہم تھا۔

قبل ازیں پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی، گزشتہ میچوں میں ناکام رہنے والے باؤلر محمد عامر کی جگہ جنید خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔

ادھر بنگلہ دیش کی ٹیم کو آل راؤنڈر شکیب الحسن کی خدمات حاصل نہیں، وہ انجری کا شکار ہو کر اس اہم میچ سے باہر ہوگئے تھے۔

پاکستان کی ٹیم سرفراز احمد (کپتان)، فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، شعیب ملک، آصف علی، شادام خان، محمد نواز، حسن علی، جنید خان اور شاہین شاہ آفریدی پر مشتمل تھی۔

بنگلہ دیش کی ٹیم میں کپتان مشرفی مرتضیٰ، لٹن داس، سومیا سرکار، محمد متھن، مشفق الرحیم، مومن الحق، امر القیس، محمود اللہ، مہدی حسن میراز، روبیل حسین اور مستفیض الرحمٰن شامل تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024