انڈونیشیا: 49 روز تک سمندر میں بھٹکنے والے نوجوان کو بچالیا گیا
جکارتا: ماہی گیروں کی کشتی کی دیکھ بھال پر مامورانڈونیشیا سے تعلق رکھنے والے نوجوان کو 49 روز تک کھلے سمندر میں بھٹکنے کے بعد بچالیا گیا۔
خبررساں ادارے اے پی کی رپورٹ کے مطابق الدی ناول ادیلانگ جولائی کے وسط میں انڈونیشیا کی بندرگاہ سے ایک سے 25 کلومیٹر دور لنگرانداز کشتی پر سوار تھا کہ تیز ہواؤں کی وجہ سے کشتی کی رسی ٹوٹ گئی اور 19 سالہ نوجوان سمندر میں بھٹک گیا۔
نوجوان کی کشتی وام کے قریب جا کر رکی جہاں بعد ازاں پاناما سے تعلق رکھنے والی کشتی نے اس کی مدد کی تھی۔
الدی ناول ادیلانگ نے اے پی کو بتایا کہ جیسے ہی کوئی اور کشتی گزرتی وہ چراغ روشن کردیا کرتا تھا لیکن اسے یاد نہیں کہ اس کی موجودگی سے لاعلم کتنی کشتیاں گزریں۔
مزید پڑھیں : انڈونیشیا میں مسافر کشتی الٹ گئی، 31 افراد ہلاک
مذکورہ نوجوان 16 سال کی عمر سے ماہی گیروں کی کشتی میں چراغ جلانے کی ملازمت پر مامور تھا جو شمال سلاویسی کی بندرگاہ سے ایک سو 25 کلومیٹر (78 میل) کے فاصلے پر لنگر انداز ہوتی تھی۔
جاپان کے شہر اوساکا میں واقع انڈونیشین قونصلیٹ کا کہنا تھا کہ 18 سالہ لڑکے کو پاناما کے جھنڈے والی کشتی سے 31 اگست کو اپنے اصل مقام سے ایک ہزار 200 میل کے فاصلے سے بچایا گیا تھا۔
بندرگاہ کی کوئی واضح حدود نہیں، اس لیے ماہی گیروں کی کشتیاں ایک دوسرے سے کئی میل کے فاصلے پر موجود ہوتی ہیں۔
نوجوان کا کہنا تھا کہ میں کشتی پر ایک ماہ 19 دن رہا، میری غذا کا ذخیرہ ایک ہفتے میں ختم ہوگیا تھا، جب کئی روز تک بارش نہ ہوئی تو میں اپنے کپڑے سمندر کے پانی میں گیلا کرکے انہیں نچوڑتا اور پانی پیتا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : انڈونیشیا: دریا میں کشتی الٹ جانے سے 190 سے زائد افراد لاپتہ
الدی ناول ادیلانگ نے بتایا کہ کشتیوں کو رسی کے ذریعے لنگرانداز کیا جاتا ہے لیکن مضبوط رگڑ کی وجہ سے رسی ٹوٹ جاتی ہے۔
نوجوان نے مزید کہا کہ ’ میں سوچتا تھا کہ شاید اپنے والدین سے کبھی نہ مل سکوں، اس لیے میں روزانہ واپس لوٹنے کے لیے دعا کرتا تھا۔‘
اوساکا قونصلیٹ نے اپنے بیان میں بتایا کہ می ای ایپریگیو جنہوں نے ادیلانگ کو بچایا، انہوں نے ہی اوساکا میں موجود انڈونیشین مشن سے رابطہ کیا تھا جہاں سے اسے 6 ستمبر کو اوساکا روانہ کیا گیا اور 8 ستمبر کو نوجوان انڈونیشیا پہنچا تھا۔