• KHI: Asr 4:28pm Maghrib 6:04pm
  • LHR: Asr 3:43pm Maghrib 5:21pm
  • ISB: Asr 3:43pm Maghrib 5:22pm
  • KHI: Asr 4:28pm Maghrib 6:04pm
  • LHR: Asr 3:43pm Maghrib 5:21pm
  • ISB: Asr 3:43pm Maghrib 5:22pm

پادریوں کی تعیناتی کیلئے چین، ویٹی کن سٹی تاریخی معاہدے پر متفق

شائع September 22, 2018

ویٹی کن سٹی نے اعلان کیا ہے کہ کمیونسٹ ملک چین میں پادریوں کی تعیناتی کے حوالے سے تاریخی معاہدے پر اتفاق ہوچکا ہے جہاں اس سے قبل کیتھولک چرچ کے پادری کی تعیناتی حکومت کی جانب سے کی جاتی تھی۔

خبر ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ویٹی کن سٹی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ معاہدے کو ‘بتدریج اور دو طرفہ مفاہمت سے آگے بڑھانے پر اتفاق کیا جو محتاط مذاکرات اور موصول ہونے والی درخواستوں پر مرحلہ وار جائزے کا ایک طویل عمل ہے’۔

معاہدے کی وضاحت کرتے ہوئے بیان میں کہا گیا کہ ‘یہ بشپ کی نامزدگی کے حوالے سے ہے جو چرچ کے لیے ایک اہم سوال ہے اور دوطرفہ سطح پر تعاون کی بہترین صورت حال پیدا کرلی ہے’۔

ویٹی کن سٹی کے ترجمان گریگ برکے نے معاہدے کو سیاسی رنگ دینے کے تاثر کو رد کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ایک موقع پیدا ہوا ہے حالانکہ اس مسئلے پر چین کے ساتھ برسوں سے تعلقات بدتر تھے۔

لتھوانیا کے دارالحکومت ویلنس میں موجود گریگ برکے نے کہا کہ معاہدہ ‘سیاسی نہیں ہے بلکہ عقائد کے لحاظ سے روم سے منسلک پادریوں کے لیے اجازت نامہ ہے جو بیک وقت چینی حکام سے بھی تصدیق شدہ ہے’۔

یہ بھی پڑھیں:پوپ نے پاکستان سمیت دنیا بھر سے 14 نئے پادری مقرر کرنے کا اعلان کردیا

خیال رہے کہ یہ امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ ویٹی کن سٹی اور بیجنگ کے درمیان سرد تعلقات میں تائیوان کی وجہ سے بہتری آسکتی ہے۔

ویٹی کن سٹی ان 17 ممالک میں شامل ہے جس نے تائیوان کو ایک ملک کی حیثیت سے قبول کر رکھا ہے لیکن چین اس کا مخالف ہے تاہم موجودہ پوپ فرانسس جب 2013 میں منصب پر فائز ہوئے تھے اس کے بعد چین کے ساتھ تعلقات بہتر کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

رواں ماہ کے آغاز میں ہانگ کانگ کی کیتھولک پریس نے خبر دی تھی کہ ستمبر میں ہی میں چین اور ویٹی کن سٹی کے درمیان مذاکرات متوقع ہیں اور معاہدے پر دستخط اکتوبر میں ہوں گے۔

چین میں ایک اندازے کے مطابق ایک کروڑ 20 لاکھ کیتھولک عیسائی موجود ہیں اور حکومت کے تحت چلنے والے چرچ کے لیے پادری کی تعیناتی بھی کمیونسٹ پارٹی کی جانب سے کی جاتی ہے اور یہ چرچ غیرسرکاری طور پر ویٹی کن سٹی سے منسلک ہیں۔

مزید پڑھیں:پوپ فرانسس نے مسلمان مہاجرین کے پاؤں دھوئے

واضح رہے کہ ویٹی کن سٹی کے چین کے ساتھ سفارتی تعلقات کمیونسٹ پارٹی کی بنیاد رکھنے کے 2 سال بعد 1951 سے منقطع ہیں۔

اس سے قبل تعلقات کی بحالی کی کوششوں پر چین کا موقف تھا کہ ویٹی کن ستی پہلے تائیوان کو تسلیم کرنے کا فیصلہ واپس لے اور چین کے مذہبی معاملات پر دخل اندازی نہ دینے کی یقین دہانی کرائے۔

چین معاہدے کے بعد تعلقات کی بہتری کا خواہاں

چین کی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ چین اور ویٹی کن سٹی ‘عارضی’ معاہدے پر دستخط کے بعد دوطرفہ تعلقات کی بہتری کے لیے آگے بڑھیں گے۔

وزارت خارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ‘دونوں فریقین رابطے کو برقرار رکھیں گے اور باہمی تعلقات کو بہتر کرنے کے لیے آگے بڑھیں گے’۔

ان کا کہنا تھا کہ معاہدے پر دستخط بیجنگ میں ہوں گے تاہم اس تاریخی معاہدے کے حوالے سے مزید کوئی تفصیلات نہیں دی گئیں۔

کارٹون

کارٹون : 15 جنوری 2025
کارٹون : 14 جنوری 2025