• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

ایشیا کپ: پاکستان نے افغانستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی

شائع September 21, 2018 اپ ڈیٹ September 22, 2018
—فوٹو:اے ایف پی
—فوٹو:اے ایف پی
—فوٹو:اے ایف پی
—فوٹو:اے ایف پی

پاکستان نے ایشیا کپ کے دوسرے مرحلے کے اہم میچ میں افغانستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد صرف 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔

ابو ظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان کے کپتان اصغر افغان نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

محمد شہزاد اور احسان اللہ نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 26 رنز بنائے، احسان اللہ 10 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز تھے جس کے بعد 31 رنز پر دوسری وکٹ بھی گر گئی۔

پاکستان کی جانب سے ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے محمد نواز نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ابتدائی تینوں وکٹیں حاصل کیں۔

افغانستان کی جانب سے دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز محمد شہزاد تھے جنہوں نے 20 رنز بنائے جس کے بعد رحمت شاہ اور حشمت اللہ شاہدی نے سنبھل کر کھیلا اور ٹیم کو مشکل سے نکال کر 94 رنز تک پہنچادیا لیکن محمد نواز نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کو کامیابی دلا دی۔

رحمت شاہ نے 36 رنز بنائے تھے تو نواز نے اپنی گیند پر ان کا کیچ لے کر پویلین بھیج دیا، رحمت کے بعد کپتان اصغر افغان خود بیٹنگ کے لیے آئے اور حشمت اللہ شاہدی کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ میں اسکور کو اسی طرح محتاط انداز میں آگے بڑھایا۔

اصغر افغان نے 5 چھکے لگائے —فوٹو: اے ایف پی
اصغر افغان نے 5 چھکے لگائے —فوٹو: اے ایف پی

اصغر افغان نے نصف سنچری مکمل کرتے ہی جارحانہ انداز اپنایا تاہم وہ 67 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی پہلی وکٹ بن گئے، ان کی اننگز میں 2 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔

سابق کپتان محمد نبی زیادہ دیر وکٹ پر ٹھہر نہ سکے اور 7 رنز کا اضافہ کرکے اپنا پہلا میچ کھیلنے والے شاہین آفریدی کی دوسری وکٹ بن گئے جس کے بعد نجیب اللہ زادران 212 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

حشمت اللہ شاہدی نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا لیکن محض 3 رنز کے فرق سے اپنی سنچری مکمل نہیں کر پائے اور آؤٹ ہوئے بغیر 97 رنز بنائے اور گلبدین نائب نے 10 رنز بنائے۔

افغانستان نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹیں کھو کر 257 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے 3 اور شاہین شاہ آفریدی نے 2 اور حسن علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز بھی مایوس کن تھا جب فخر زمان صفر پر مجیب الرحمٰن کی گیند کو نہ سمجھ سکے اور ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد بابراعظم نے امام الحق کے ساتھ مل کر قدرے محتاط مگر ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا۔

امام الحق اور بابراعظم نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 153 رنز بنائے جبکہ امام الحق 80 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد رن آؤٹ ہو گئے جس کے بعد بابر اعظم 158 کے اسکور پر آوٹ ہوئے۔

بابراعظم نے 66 رنز بنائے اور انہیں راشد خان نے آؤٹ کیا جبکہ حارث سہیل اور شعیب ملک نے اسکور کو 194 تک پہنچایا اور 13 رنز بنانے والے حارث سہیل کو مجیب الرحمٰن نے آؤٹ کر دیا۔

پاکستان کے کپتان سرفراز احمد کی ناقص بلے بازی کا سلسلہ مزید دراز ہوا اور صرف 8 رنز کا اضافہ کرپائے، انہیں گلبدین نائب نے پویلین بھیج دیا جس کے بعد آصف علی بھی صرف 7 رنز کا اضافہ کرکے جلد آؤٹ ہوئے۔

محمد نواز بھی میچ کے دلچسپ موقع پر 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو پاکستان کو جیت کے لیے 16 رنز درکار تھے۔

شعیب ملک نے مشکل وقت میں ٹیم کو اپنے تجربے سے کامیابی دلائی اور آخری اوور میں درکار 10 رنز 3 گیندیں قبل حاصل کرلیا۔

شعیب ملک 51 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے اور حسن علی نے آوٹ ہوئے بغیر 6 رنز بنائے۔

افغانستان کے راشد خان نے 3، مجیب الرحمٰن نے 2 اور گلبدین نائب نے ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں پاکستان ٹیم میں شاہین آفریدی کو بھی شامل کیا گیا جو اپنے کریئر کا پہلا ایک روزہ میچ کھیل رہے ہیں اور انہیں قومی ٹیم کے باؤلنگ کنسلٹنٹ اظہر محمود نے گرین کیپ پہنائی۔

پاکستان نے افغانستان کے خلاف اس اہم میچ کے لیے ٹیم میں 3 تبدیلیاں کیں، فاسٹ محمد عامر، اسپنر شاداب خان اور آل راؤنڈر فہیم اشرف کی جگہ حارث سہیل، محمد نواز اور شاہین شاہ آفریدی کو ٹیم میں شامل کیا۔

افغانستان کی ٹیم میں بھی ایک تبدیلی کی گئی، سمیع اللہ شنواری کو آرام دے کر نجیب اللہ زادران کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔

پاکستان کی ٹیم میں کپتان سرفراز احمد، حارث سہیل، فخر زمان، امام الحق، شعیب ملک، بابر اعظم، محمد نواز، حسن علی، آصف علی، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان خان شنواری شامل ہیں۔

افغانستان کی ٹیم کپتان اصغر افغان، محمد شہزاد، احسان اللہ، رحمت شاہ، حشمت اللہ شاہدی، محمد نبی، نجیب اللہ زادران، گلبدین نائب، راشد خان، آفتاب عالم اور مجیب الرحمٰن پر مشتمل ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان نے ایشیا کپ کے پہلے مرحلے کا آغاز بہترین انداز میں کیا تھا اور ہانگ کانگ کو پہلے میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دی تھی لیکن دوسرے میچ میں روایتی حریف بھارت سے اسی مارجن سے بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ادھر افغانستان کی ٹیم اب تک ایونٹ میں ناقابلِ شکست ہے، اور اس نے سری لنکا کو اپنے پہلے میچ میں بھاری مارجن سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کیا تھا جبکہ دوسرے میچ میں بنگلہ دیش کو عبرت ناک شکست سے دوچار کرکے پاکستان اور بھارت کے لیے بھی خطرے کی گھنٹی بجادی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024