ایشیا کپ میں پاک بھارت مقابلوں میں کس کا پلڑا بھاری؟
شائقین کرکٹ کا انتظار ختم ہونے کو ہے اور ایشیا کپ میں پاکستان اور روایتی حریف بھارت کی ٹیمیں کل دبئی میں مدمقابل ہوں گی۔
بدھ کو دبئی میں ہونے والے ایشیا کپ کے اس اہم میچ پر پاکستان اور بھارت سمیت پوری دنیا کے شائقین کرکٹ کی نظریں لگی ہوئی ہیں اور میچ کے تمام ٹکٹ کئی دن قبل ہی فروخت ہو چکے ہیں۔
مزید پڑھیں: قومی ٹیم کن وجوہات کی بنا پر بھارتی ٹیم سے بہتر؟
اگر ایشیا کپ میں دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے میچوں کے اعدادوشمار کو دیکھا جائے تو دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک ہونے والے میچوں میں بھارت کو معمولی برتری حاصل ہے۔
پاکستان اور بھارت ایشیا کپ میں مجموعی طور پر 12 مرتبہ آمنے سامنے آئے جن میں سے چھ میں بھارت نے کامیابی حاصل کی جبکہ پانچ مرتبہ کامیابی نے پاکستانی ٹیم کے قدم چومے۔
تاہم اگر دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک مجموعی طور پر ہونے والے میچوں پر نظر دوڑائی جائے تو پاکستان کو پڑوسی ملک کی ٹیم پر واضح برتری حاصل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کوہلی کے نہ کھیلنے سے بھارتی ٹیم کو فرق پڑسکتا ہے، سرفراز
پاکستان اور بھارت کے درمیان تاریخ کا پہلا ون ڈے میچ یکم اکتوبر 1978 کو کوئٹہ میں کھیلا گیا تھا جس میں قومی ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4رنز سے شکست ہوئی تھی۔
تاہم اس کے بعد پاکستان نے روایتی حریف پر واضح برتری برقرار رکھی اور اب تک کھیلے 129 میچوں میں سے 73 میں پاکستان نے فتح کے جھنڈے گاڑے جبکہ بھارتی ٹیم 52میچ جیتنے میں کامیاب رہی۔