• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

‘ریپ‘ الزامات کو 15 سال گزرجانے پر امریکی گلوکار کے خلاف مقدمہ خارج

شائع September 13, 2018
ریپ کے مقدمے کو 10 سال کے اندر رپورٹ کرنا لازمی ہوتا ہے—فائل فوٹو: ایلٹاووز
ریپ کے مقدمے کو 10 سال کے اندر رپورٹ کرنا لازمی ہوتا ہے—فائل فوٹو: ایلٹاووز

امریکی عدالت نے 38 سالہ معروف امریکی پاپ گلوکار نک کارٹر کو ڈیڑھ دہائی قبل ایک اداکارہ کو مبینہ طور پر ‘ریپ‘ کا نشانہ بنانے کے مقدمے میں بری کردیا۔

نک کارٹر پر الزام تھا کہ انہوں نے آج سے 15 سال قبل یعنی 2003 میں اداکارہ و گلوکارہ میلیسا شومین کا ان کے ہی گھر میں‘ریپ’ کیا تھا۔

گلوکار نک کارٹر نے ہمیشہ سے ہی ‘ریپ’ الزامات کو مسترد کیا، تاہم 33 سالہ میلیسا شومین نے ان کے خلاف 2 سال قبل مقدمہ درج کروایا تھا۔

خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ نک کارٹر کے خلاف لاس اینجلس کاؤنٹی کی عدالت میں مقدمہ زیر سماعت رہا، تاہم عدالت نے گلوکار کے خلاف ‘ریپ’ الزامات کے تحت فرد جرم عائد کرنے کا مقدمہ خارج کردیا۔

لاس اینجلس کاؤنٹی کی عدالت کے پراسیکیوٹر نے بتایا کہ گلوکار کے خلاف اس لیے مقدمہ خارج کیا گیا، کیوں کہ قانونی طور پر مقدمے زائد المیعاد ہوچکا تھا۔

پراسیکیوٹر نے بتایا کہ عدالت کے مطابق نک کارٹر کے خلاف لگائے گئے ‘ریپ’ الزامات کی قانونی طور پر 2013 تک تحقیقات کی جاسکتی تھی، تاہم اب یہ قانونی طور پر ختم ہوچکا ہے، اس لیے گلوکار کے خلاف فرد جرم عائد نہیں کی جاسکتی۔

عدالتی فیصلے پر نک کارٹر اور ان کی قانونی ٹیم نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔

نک کارٹر نے 18 سال کی عمر میں ریپ کیا، اداکارہ کا الزام—فوٹو: ہولی وڈ لائف
نک کارٹر نے 18 سال کی عمر میں ریپ کیا، اداکارہ کا الزام—فوٹو: ہولی وڈ لائف

نک کارٹر کی قانونی ٹیم کے مطابق گلوکار نے پہلے دن سے ہی ‘ریپ’ الزامات کو مسترد کیا اور وہ اس بات پر حیران ہیں کہ میلیسا شومین نے انہیں خود ہی گھر آنے کی دعوت تھی اور خود ہی ان پر الزامات لگائے۔

دوسری جانب میلیسا شومین نے عدالتی فیصلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ریاست کی وجہ سے انصاف حاصل کرنے میں ناکام رہیں۔

میلیسا شومین نے اس بات کی تصدیق کی کہ انہیں اور ان کے خاندان کو نک کارٹر کے خلاف مقدمہ ختم کیے جانے سے متعلق خبر دے دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ میلیسا شومین معروف میوزیکل بینڈ ‘ڈریم’ کی رکن ہونے سمیت معروف گلوکارہ ہیں، جب کہ انہوں نے متعدد فلموں اور ڈراموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

ریپ الزامات جھوٹے ہیں، گلوکار—فوٹو: دی انکوئسٹر
ریپ الزامات جھوٹے ہیں، گلوکار—فوٹو: دی انکوئسٹر

انہوں نے 38 سالہ نک کارٹر پر الزام لگایا تھا کہ انہوں نے گلوکارہ کو 15 سال قبل اس وقت ‘ریپ’ کا نشانہ بنایا، جب ان کی عمر 18 سال تھی۔

نک کارٹر نے پہلے دن سے ہی ان الزامات کو مسترد کیا اور کہا کہ وہ گلوکارہ کی دعوت پر ہی ان کے گھر ان سے ملاقات کے لیے گئے تھے۔

نک کارٹر نے 13 سال کی عمر میں گلوکاری کی شروعات کی، انہوں نے 1993 میں مشہور بینڈ ‘بیک اسٹریٹ بوائز’ سے گلوکاری کا آغاز کیا۔ علاوہ ازیں انہوں نے 2004 سے اداکاری کی شروعات بھی کی۔

ماضی میں نک کارٹر کے معروف امریکی اداکارہ پیرس ہلٹن سے بھی تعلقات جوڑے جاتے رہے ہیں، تاہم انہوں نے 2015 میں 35 سالہ اداکارہ لورین کٹ سے شادی کی، جن سے انہیں ایک بچہ بھی ہے۔

نک کارٹر نے 2015 میں اداکارہ لورین کٹ سے شادی کی—فائل فوٹو: ڈیلی مرر
نک کارٹر نے 2015 میں اداکارہ لورین کٹ سے شادی کی—فائل فوٹو: ڈیلی مرر

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024