• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ایلسٹر کُک کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

شائع September 3, 2018 اپ ڈیٹ September 7, 2018
ایلسٹر کک نے انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ 12ہزار 254رنز اسکور کیے— فوٹو: اے ایف پی
ایلسٹر کک نے انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ 12ہزار 254رنز اسکور کیے— فوٹو: اے ایف پی

ٹیسٹ کرکٹ میں انگلینڈ کے سب سے کامیاب بلے باز اور سابق کپتان ایلسٹر کک نے بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے اختتام پر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا اعلان کردیا۔

انگلینڈ کے لیے 44.88 کی اوسط اور 32ٹیسٹ سنچریوں کی مدد سے 12ہزار 254رنز اسکور کرنے والے عظیم انگلش بلے باز نے مسلسل ناقص فارم کے سبب ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا اعلان کیا۔

یاد رہے کہ رواں سال ایلسٹر کک کی فارم انتہائی ناقص رہی ہے اور وہ 9 ٹیسٹ میچوں میں صرف 18.92 کی اوسط سے رنز اسکور کر سکے۔

ایلسٹر کک نے اسے ریٹائرمنٹ کے لیے سب سے موزوں وقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران کافی سوچ بچار کے بعد میں نے بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے اختتام پر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

33سالہ کرکٹر نے کہا کہ حالانکہ یہ میرے لیے افسوسناک دن ہے لیکن میں یہ اپنے چہرے پر مسکراہٹ کے ساتھ کروں گا کیونکہ میں یہ جانتا ہوں کہ میں نے انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کو سب کچھ دیا اور اور اب میرے پاس دینے کے لیے کچھ نہیں بچا۔

رواں سال لگاتار 158ٹیسٹ میچ کھیل کر عالمی ریکارڈ قائم کرنے والے اوپننگ بلے باز نے کہا کہ میں نے جو کچھ سوچا تھا اس سے کہیں زیادہ حاصل کیا اور انگلینڈ کے چند عظیم کھلاڑیوں کے ہمراہ اتنے عرصے تک اپنے ملک کی نمائندگی کرنے پر فخر محسوس کرتا ہوں۔

ایلسٹر کک کو ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے عظیم بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑنے کا سب سے مضبوط امیدوار تصور کیا جا رہا تھا کیونکہ ایک بلے باز کے طور پر وہ باآسانی مزید 3سے4 سال کرکٹ کھیل سکتے تھے لیکن فارم نے ان کا ساتھ نہ دیا۔

سچن ٹنڈولکر نے 200 ٹیسٹ میچ کھیلتے ہوئے ریکارڈ 51 سنچریوں کی مدد سے 15ہزار 921 رنز اسکور کیے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے جگہ خالی کی ہے تاکہ وہ بہتر پرفارم کر کے ٹیم کو فتوحات دلانے میں کردار ادا کر سکیں، میری ہمدردیاں ہمیشہ ٹیم کے ساتھ رہیں گی اور میری خواہش ہے کہ ٹیم تینوں فارمیٹس میں اپنی بادشاہت قائم کرے۔

تاہم کک نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے باوجود ڈومیسٹ کرکٹ کھیلنے کا سلسلہ جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔

ایلسٹر کک نے 2006 میں ناگپور کے مقام پر بھارت کے خلاف ٹیسٹ میچ سے ہی اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور 160 ٹیسٹ میچز میں 32 سنچریوں کی مدد سے 12ہزار 254 رنز بنائے اور 294 رنز کی اننگز ان کے کیریئر کا بہترین اسکور تھا۔

انہیں 92 ون ڈے اور 4ٹی ٹونٹی میچز میں بھی ملک کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے۔

انہیں انگلینڈ کی طرف سے زیادہ رنز بنانے، زیادہ سنچریاں، زیادہ 150 پلس اسکور، زیادہ ٹیسٹ میچز کھیلنے، بطور کپتان زیادہ میچز کھیلنے اور زیادہ کیچز تھامنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024