النجوم رائزرز پاکستان کی پہلی مدرسہ لیگ کی چیمپیئن

شائع August 31, 2018 اپ ڈیٹ September 3, 2018
پاکستان کی تاریخ کی پہلی زلمی مدرسہ لیگ کی چیمپیئن النجوم رائزرز کی ٹیم ٹرافی کے ہمراہ جشن منا رہی ہے— تصویر بشکریہ ٹوئٹر
پاکستان کی تاریخ کی پہلی زلمی مدرسہ لیگ کی چیمپیئن النجوم رائزرز کی ٹیم ٹرافی کے ہمراہ جشن منا رہی ہے— تصویر بشکریہ ٹوئٹر

النجوم رائزرز نے الوحدہ فائٹرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6وکٹوں سے شکست دے کر ملکی تاریخ کی پہلی زلمی مدرسہ لیگ کی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

پاکستان کی پہلی اور تاریخی زلمی مدرسہ لیگ کا فائنل پشاور کے ارباب نیاز اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔

فائنل میں الواحدہ فائٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے تین وکٹوں پر 104رنز بنائے، عادل نواز 42 اور جلیل 20 رنز بناکر نمایاں رہے۔

النجوم کی جانب سے حارث اور لقمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں النجوم رائزرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہدف آخری گیند پر حاصل کرکے میچ 6 وکٹوں سے جیت کر پہلی زلمی مدرسہ لیگ کی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

النجوم رائزرز کو اختتامی دو اوورز میں فتح کے لیے 40رنز درکار تھے اور الوحدہ کی ٹیم اس مرحلے پر فیورٹ نظر آ رہی تھی لیکن 7ویں اوور میں ایاز نے 2 چھکے اور 2 چوکے لگا کر میچ کا نقشہ بدل دیا اور النجوم نے آخری گیند پر ایک رن لے کر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

پاکستان کے سابق عظیم بلے باز یونس خان اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے اور انہوں نے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری، چیئرمین پشاور زلمی جاوید آفریدی، ہیڈ کوچ محمد اکرم اور دیگر کے ہمراہ انعامات تقسیم کیے۔

اس موقع پر یونس خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ زلمی مدرسہ لیگ پشاور زلمی فاؤنڈیشن کا بہترین اقدام ہے اور مدارس کے طلبا کو کھیلوں کی سرگرمیاں فراہم کرنا احسن اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان مدارس سے جہاں کرکٹ کا ٹیلنٹ سامنے آئے گا وہیں مذہبی روادای کو بھی فروغ ملے گا۔

چیئرمین پشاور زلمی جاوید آفریدی نے کہا پشاور زلمی اور زلمی فاؤنڈیشن پاکستان اور خیبر پختونخواہ میں خدمت کا سلسلہ جاری رکھے گی۔

جاوید آفریدی نے کہا کہ زلمی فاؤنڈیشن کے تحت زلمی مدرسہ لیگ کے انعقاد سے مدارس کے طلبا کو کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کا مشن شروع کیا ہے اور اس سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے مستقبل میں پاکستان کے دیگر شہروں میں بھی زلمی مدرسہ لیگ کا انعقاد کریں گے۔

زلمی مدرسہ لیگ میں خیبر پختونخواہ کے مختلف مکاتب فکر کے 12 مدارس نے شرکت کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 7 جنوری 2025
کارٹون : 6 جنوری 2025