آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی پاکستان سے سیریز کا شیڈول جاری
پاکستان نے رواں سال آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ہونے والی سیریز کا مکمل شیڈول جاری کردیا ہے جہاں پاکستان 3ماہ کے دوران ان دونوں ٹیموں کی میزبانی کرے گا۔
پاکستان اپنے سیزن کا آغاز آئندہ ماہ 15ستمبر سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہونے والے ایشیا کپ سے کرے گا جس کے بعد قومی ٹیم آسٹریلیا سے ٹیسٹ سیریز کھیلے گی۔
پاکستانی ٹیم 7سے 28اکتوبر تک 2 ٹیسٹ میچوں اور تین ٹی20 میچوں کے لیے آسٹریلین ٹیم کی متحدہ عرب امارات میں میزبانی کرے گی۔
یہ آسٹریلیا کا بدنام زمانہ کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے بعد پہلا ٹیسٹ میچ ہو گا جس میں بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سامنے آیا تھا اور جس کے نتیجے میں کپتان اسٹیون اسمتھ اور ان کے نائب ڈیوڈ وارنر پر کرکٹ آسٹریلیا نے ایک، ایک سال کی پابندی عائد کردی تھی۔
آسٹریلین ٹیم 29ستمبر سے پاکستان اے کے خلاف سہ روزہ میچ سے دورے کا آغاز کرے گی جس کے بعد 7ستمبر سے دبئی میں پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا اور 16اکتوبر سے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کی میزبانی ابوظہبی کرے گا۔
دورے کا پہلا ٹی20 میچ 24اکتوبر کو ابوظہبی میں کھیلا جائے گا جس کے بعد دوسرا اور تیسرا ٹی20 میچ 26 اور 28اکتوبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔
آسٹریلیا سے سیریز کے بعد پاکستان تین ون ڈے، تین ٹی20 اور تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے نیوزی لینڈ کی میزبانی کرے گا۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹی20 میچ 31اکتوبر کو ابوظہبی میں کھیلا جائے گا جس کے بعد دوسرے اور تیسرے ٹی20 میچ کی میزبانی بالترتیب 2 اور 4 اکتوبر کو دبئی کرے گا۔
سیریز کا پہلا ون ڈے میچ 7نومبر کو ابوظہبی میں کھیلا جائے گا جس کے بعد دوسرا اور تیسرا ون ڈے بالترتیب 9 اور 11نومبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 16نومبر سے ابوظہبی میں کھیلا جائے گا جس کے بعد دونوں ٹیمیں 24نومبر سے دوسرے ٹیسٹ میں نبردآزما ہوں گی۔
سیریز کا تیسرا ٹیسٹ میچ 3 سے 7دسمبر تک ابوظہبی میں کھیلا جائے گا جس کے ساتھ ہی دورے کا اختتام ہو جائے گا۔