• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

تیسرا ٹیسٹ: بھارت نے انگلینڈ کو 203 رنز سے شکست دے دی

شائع August 22, 2018
میچ میں فتح کے بعد بھارتی کپتان ویرات کوہلی ہاتھ ہلا کر شائقین کی داد کا جواب دے رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
میچ میں فتح کے بعد بھارتی کپتان ویرات کوہلی ہاتھ ہلا کر شائقین کی داد کا جواب دے رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

ناٹنگھم: بھارت نے انگلینڈ کو تیسرے ٹیسٹ میچ میں 203 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر سیریز میں انگلینڈ کی برتری کم کرتے ہوئے 1-2 کر دی۔

ٹرینٹ برج، ناٹنگھم میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کپتان ویرات کوہلی اور اجنکیا راہانے کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت پہلی اننگز میں 329 رنز بنائے۔

تاہم انگلش ٹیم اپنی پہلی اننگز میں مکمل ناکامی سے دوچار ہوئی اور 5 وکٹیں لینے والے ہردک پانڈیا کے سامنے بالکل بے بس نظر آئی اور پوری ٹیم 161 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

بھارت نے دوسری اننگز میں بھی اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے کوہلی کی سنچری کی بدولت 352 رنز 7کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کردیا اور انگلینڈ کو فتح کے لیے 521 رنز کا ہدف دیا۔

میچ کے چوتھے دن انگلش ابتدائی بلے بازوں کے غیرذمے دارانہ کھیل کے سبب مشکلات سے دوچار ہو گئی اور بین اسٹوکس اور جوز بٹلر کی شاندار شراکت کے باوجود ٹیم 311 رنز پر 9وکٹیں گنوا بیٹھی۔

امپائر انگلش بلے باز جیمز اینڈرسن کو آؤٹ قرار دے رہے ہیں— فوٹو: اے پی
امپائر انگلش بلے باز جیمز اینڈرسن کو آؤٹ قرار دے رہے ہیں— فوٹو: اے پی

میچ کے پانچویں دن بھارت کو فتح کے لیے زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور دن کے تیسرے ہی اوور میں روی چندرن ایشون نے جیمز اینڈرسن کو پویلین لوٹا کر میچ میں اپنی واحد وکٹ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ بھارت کو میچ میں فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

انگلینڈ کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 317 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی اور بھارت نے میچ میں 203 رنز سے فتح حاصل کر کے سیریز میں میزبان ٹیم کی برتری کم کرتے ہوئے 1-2 کردی۔

بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ 5 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ ایشانت شرما نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

ویرات کوہلی کو پہلی اننگز میں 97 اور دوسری اننگز میں 103 رنز کی اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا چوتھا ٹیسٹ میچ 3ستمبر سے ساؤتھ ہیمپٹن میں کھیلا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024