احمد شہزاد کو لیول 1 کوچنگ کورس میں شرکت سے روک دیا گیا
پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے معطلی کا شکار اوپننگ بلے باز احمد شہزاد کو لیول1 کوچنگ کورس میں شرکت سے روک دیا ہے۔
مثبت ڈوپ ٹیسٹ کے سبب پی سی بی کی جانب سے معطلی کا شکار اوپننگ بلے باز احمد شہزاد ان دنوں کیریئر کے بدترین دور سے گزر رہے ہیں اور قومی ٹیم کے بعد اب ان پر کوچنگ کورس کے دروازے بھی بند کر دیے گئے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے گزشتہ روز نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں لیول 1 کوچنگ کورس کا آغاز کیا گیا جس میں قومی ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق، محمد یوسف، محمد حفیظ، عمر گل اور سلمان بٹ سمیت متعدد کرکٹرز نے شرکت کی۔
مزید پڑھیں: احمد شہزاد کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت، پی سی بی نے تصدیق کردی
اس کورس کے پہلے دن احمد شہزاد نے بھی شرکت کی اور میڈیا کی جانب سے یہ رپورٹس منظر عام پر آنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا کہ ایک معطل کھلاڑی کوچنگ کورس میں شرکت کر رہا ہے۔
مختلف حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کے بعد پی سی بی نے احمد شہزاد کو دوسرے دن کورس میں شرکت سے روک دیا جس کی پی سی بی ذرائع نے تصدیق کی ہے۔
یاد رہے کہ احمد شہزاد پر جہاں ناقص بیٹنگ کے سبب قومی ٹیم کے دروازے بند ہیں وہیں مثبت ڈوپ ٹیسٹ آنے کے بعد ان کی قومی ٹیم میں فوراً واپسی کی رہی سہی امیدیں بھی دم توڑ گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: احمد شہزاد سے ڈپارٹمنٹ کی ٹیم کی قیادت چھن گئی
گزشتہ ماہ پی سی بی نے احمد شہزاد کے مثبت ڈوپ ٹیسٹ کی تصدیق کی تھی اور بعدازاں انہیں سینٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست سے بھی ڈراپ کردیا گیا۔
مثبت ڈوپ ٹیسٹ اور سینٹرل کنٹریکٹ سے ڈراپ ہونے کے بعد اوپننگ بلے باز سے ان کے ڈپارٹمنٹ حبیب بینک لمیٹیڈ کی قیادت بھی چھن گئی اور اب ان پر کوچنگ کورس کے دروازے بھی بند ہو گئے ہیں۔