انیل کپور کی بیٹی کے بعد بیٹے کے ساتھ پہلی فلم
بولی وڈ کے ورسٹائل اداکار انیل کپور جو جلد ہی اپنی بیٹی سونم کپور کے ساتھ رومانٹک فلم ‘ایک لڑکی کو دیکھا تو ایسا لگا’ میں جلوہ گر ہوں گے۔
وہ بیٹی کے بعد اب پہلی بار اپنے بیٹے ہرش وردھن کپور کے ساتھ بھی فلم میں کام کرتے دکھائی دیں گے۔
اگرچہ انیل کپور اور سونم کپور کے ساتھ پہلی فلم ایک لڑکی کو دیکھا تو ایسا لگا’ کی ریلیز کی تاریخ بھی تاحال اعلان نہیں کیا گیا، تاہم امکان ہے کہ فلم کو رواں برس کے آخر میں ریلیز کیا جائے گا۔
اسی طرح امکان ہے کہ انیل کپور اپنے بیٹے کے ساتھ پہلی بار آئندہ برس ایک اسپورٹس بائیوگرافی فلم میں کام کرتے دکھائی دیں گے۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق ہرش وردھن کپور بھارتی ایتھلیٹ اور اولمپک گولڈ میڈلسٹ ابھینیو بندرا کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم میں ان کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے۔
پہلے اطلاعات تھیں کہ اس فلم کی شوٹنگ رواں برس اکتوبر سے ہی شروع کی جائے گی، تاہم اب خبر ہے کہ اس کی شوٹنگ کا آغاز جنوری 2019 میں ہوگا۔
فلم میں ایتھلیٹ کا کردار ادا کرنے کے لیے ہرش وردھن کپور آئندہ ماہ ستمبر میں پریکٹس کی شروعات کریں گے۔
اس فلم کی خاص بات یہ ہوگی کہ اس میں انیل کپور اپنے ہی بیٹے کے والد کا کردار نبھائیں گے۔
یوں انیل کپور وہ پہلے بولی وڈ اداکار بن جائیں گے جو فلموں میں بھی اپنے بچوں کے والد کا کردار نبھائیں گے۔
انیل کپور بیٹے کی طرح آنے والی فلم ‘ایک لڑکی کو دیکھا تو ایسا لگا’ میں بیٹی کے باپ کا کردار نبھائیں گے۔
علاوہ ازیں انیل کپور اپنے بھتیجے ارجن کپور اور اپنی بھابھی سری دیوی کے ساتھ بھی فلموں میں جلوہ گر ہوچکے ہیں۔
اپنے بھتیجے ارجن کپور کے ساتھ انیل کپور کامیڈی فلم ‘مبارکاں’ میں نظر آئے تھے، جب کہ انیل کپور کی اپنی بھابھی سری دیوی کے ساتھ متعدد کامیاب فلمیں ہیں اور ان کی جوڑی کو پسند بھی کیا جاتا تھا۔