• KHI: Zuhr 12:40pm Asr 4:25pm
  • LHR: Zuhr 12:10pm Asr 3:40pm
  • ISB: Zuhr 12:15pm Asr 3:40pm
  • KHI: Zuhr 12:40pm Asr 4:25pm
  • LHR: Zuhr 12:10pm Asr 3:40pm
  • ISB: Zuhr 12:15pm Asr 3:40pm

تحریک انصاف، مسلم لیگ (ق) پنجاب اور مرکز میں مل کر کام کرنے کیلئے تیار

شائع August 12, 2018

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور مسلم لیگ (ق) کے رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ مرکز اور پنجاب میں مل کر کام کریں گے۔

لاہور میں مسلم لیگ (ق) کے نائب صدر چوہدری پرویز الٰہی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ آئندہ حکومت میں پنجاب کو ایک مضبوط بلدیاتی نظام دیں گے۔

جہانگیر ترین نے واضح کیا کہ صوبے میں نیا قانون بنا کر بلدیاتی الیکشن کروائے جائیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کی حکومت اداروں کو کمزور نہیں بلکہ مضبوط بنائے گی جبکہ شریف برادران نے 10 سال میں پنجاب کو کتنا نقصان پہنچایا، عوام کو اس حوالے سے آگاہ کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: مسلم لیگ (ق) کا حکومت بنانے کیلئے تحریک انصاف کی حمایت کا فیصلہ

مسلم لیگ (ق) کے حوالے سے بات کرتے ہوئے جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ یہ پنجاب میں حکومت سازی میں تحریک انصاف کی اتحادی ہے۔

جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا علیم خان کو پنجاب کا وزیرِاعلیٰ بنایا جائے گا؟ جس پر ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ عمران خان کو کرنا ہے، اور وہ جو بھی فیصلہ کریں گے جس کے حوالے سے وہ پارٹی رہنماؤں کو آگاہ کردیں گے۔

حکومت سازی میں متحرک رہنے اور اپنا ذاتی طیارہ پارٹی کے لیے استعمال کرنے کے سوال پر جہانگیر ترین نے کہا کہ یہ سب انہوں نے پارٹی کے لیے کیا، جہاز ہونے سے جلدی کام ہوجاتا ہے، حرکت میں برکت ہے۔

جہانگیر ترین نے مسلم لیگ (ق) کے رہنماؤں سے ہونے والی بات چیت کے حوالے سے بتایا کہ لیگی قیادت سے اسپیکر کے الیکشن کے حوالے سے بات چیت ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھی: پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ن) میں نظریاتی فرق ہے بھی یا نہیں؟

انہوں نے تحریک انصاف کا ساتھ دینے پر مسلم لیگ (ق) کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی حکومت وہ مسلم لیگ (ق) کے ساتھ اتحاد کے ساتھ چلائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتیں مل کر صوبے میں ایسی حکومت لائیں گی جو تاریخ میں مثال نہیں ملے گی۔

مسلم لیگ (ق) کے نائب صدر چوہدری پرویز الٰہی نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سابق وزیرِاعلیٰ پنجاب نے گزشتہ 10 سال میں صوبے کا بیڑہ غرق کردیا۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے پاس کوئی اختیار نہیں اور نہ ہی وہ کوئی کام کر سکتے ہیں بلکہ انہوں نے تمام ادارے تباہ کردیے۔

مزید پڑھیں: مسلم لیگ (ق) نے وزیراعلیٰ پنجاب یا ڈپٹی وزیراعظم کا عہد مانگ لیا

چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ سابق وزیرِاعلیٰ نے اپنے دورِ اقتدار میں ایسے منصوبے شروع کیے جو پائیدار نہیں تھے اور نہ ہی ان سے غریب عوام کو فائدہ پہنچا۔

تحریک انصاف کے وفد سے بات چیت کے حوالے سے چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ جہانگیر ترین سے پنجاب کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ اسپیکر اور وزیر اعلی پنجاب کے حوالے سے مشاورت کی گئی ہے۔

چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ صوبے میں ایسا بلدیاتی نظام لانا چاہتے ہیں جس کے ذریعے اختیارات نچلی سطح تک منتقل ہوں۔

کارٹون

کارٹون : 9 جنوری 2025
کارٹون : 8 جنوری 2025