• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

مراد علی شاہ ایک مرتبہ پھر وزیراعلیٰ سندھ نامزد

شائع August 11, 2018 اپ ڈیٹ August 12, 2018

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے ایک مرتبہ پھر مراد علی شاہ کو صوبہ سندھ میں وزیراعلیٰ اور آغا سراج درانی کو اسپیکر جبکہ ریحانہ لغاری کو ڈپٹی اسپیکر نامزد کردیا۔

صوبائی دارالحکومت میں قائم پیپلز پارٹی کے مرکزی دفتر بلاول ہاؤس میں چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پارٹی کا پارلیمانی اجلاس منعقد ہوا جس میں پارٹی کے سینئر رہنماؤں سمیت پارٹی ٹکٹ پر صوبائی اسمبلی کی نشست پر کامیاب ہونے والے اراکین اسمبلی نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے وزارتِ اعلیٰ کے عہدے کے لیے گزشتہ حکومت میں وزیراعلیٰ رہنے والے مراد علی شاہ کو باقائدہ طور پر نامزد کیا گیا۔

پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اسپیکر کے لیے ایک مرتبہ پھر آغا سراج درانی کے نام پر اتفاق کیا گیا جبکہ ڈپٹی اسپیکر کے لیے ریحانہ لغاری کو نامزد کیا گیا۔

مزید پڑھیں: پیپلز پارٹی نے انتخابات 2018 کو متنازع قرار دے دیا

سندھ کے سابق وزیرناصر حسین شاہ نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے نامزدگیوں کی تصدیق کی اور کہا کہ سندھ اسمبلی کا اجلاس پیر کو ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ دروازے سب کے لیے کھلے ہیں اور سب سے بات چیت ہوگی، ایم کیو ایم کے ساتھ بھی حکومت سازی کے لیے تیار ہیں لیکن کچھ شرائط ہیں۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ایم کیو ایم سندھ کو 21 یونٹوں میں تقسیم کرنے کی بات کرتی ہے لیکن انھیں سندھ کی تقسیم کے مطالبے سے دست بردار ہونا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام نے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈے اے) کو مسترد کردیا ہے۔

واضح رہے کہ 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں پیپلز پارٹی نے سندھ میں اپنی جیت کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے صوبائی اسمبلی کی 73 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔

پی پی پی کو انتخابات میں حکومت سازی کے لیے مطلوبہ تعداد سے زائد نشستیں حاصل ہوئی ہیں جس کے باعث وہ بغیر کسی اتحاد کے صوبے میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے۔

یاد رہے کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی گزشتہ حکومت میں سندھ کے دوسرے وزیرِ اعلیٰ تھے جو جولائی 2016 سے مئی 2018 تک اس منصب پر فائز رہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’پیپلز پارٹی نے بھٹو خاندان کے کسی فرد کو ٹکٹ نہیں دیا‘

ان سے قبل پی پی پی کے سینئر رہنما قائم علی شاہ حکومت بننے سے لے کر جولائی 2016 تک سندھ کے وزیرِ اعلیٰ تھے۔

آغا سراج درانی گزشتہ صوبائی حکومت کے دوران سندھ اسمبلی کے اسپیکر رہے تھے جن پر ایک مرتبہ پھر اعتماد کرتے ہوئے انہیں اسپیکر سندھ اسمبلی نامزد کیا گیا ہے۔

اعلیٰ سطح پر ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی کی نشست پر تبدیلی دیکھنے میں آئے گی جہاں گزشتہ حکومت میں شہلا رضا یہ فرائض انجام دے رہی تھیں تاہم اب ریحانہ لغاری کو ڈپٹی اسپیکر نامزد کیا گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024