• KHI: Zuhr 12:40pm Asr 4:25pm
  • LHR: Zuhr 12:10pm Asr 3:40pm
  • ISB: Zuhr 12:15pm Asr 3:40pm
  • KHI: Zuhr 12:40pm Asr 4:25pm
  • LHR: Zuhr 12:10pm Asr 3:40pm
  • ISB: Zuhr 12:15pm Asr 3:40pm

عمران خان کی تقریبِ حلف برداری، صدرِ مملکت کا بیرونِ ملک دورہ منسوخ

شائع August 11, 2018

اسلام آباد: صدرِ مملکت ممنون حسین نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان سے ملک کے 21ویں وزیراعظم کا حلف لینے کے لیے اپنا 3 روزہ دورہ آئرلینڈ منسوخ کردیا۔

ایوانِ صدر کے ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ صدرِ مملکت کو آئرلینڈ میں کالج آف فزیشن میں تقسیمِ اسناد کے سلسلے میں مدعو کیا گیا تھا جہاں انہیں خود بھی اعزازی ڈگری سے نوازا جانا تھا۔

تاہم نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک کی درخواست پر صدرِ مملکت نے اپنا دورہ منسوخ کردیا، اس سلسلے میں نگراں وفاقی وزیرِ اطلاعات و قانون بیرسٹر علی ظفر نے صدر سے خصوصی ملاقات کی اور انہیں نگراں وزیرِاعظم کا پیغام پہنچایا۔

یہ بھی پڑھیں: قومی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو طلب

واضح رہے کہ اس سے قبل نگراں وزیراعظم کی ارسال کردہ سمری پر صدرِ مملکت 13 اگست کو قومی اسمبلی کا اجلاس بھی طلب کرچکے ہیں۔

اس سے قبل اطلاعات یہ تھیں کہ خود عمران خان یومِ آزادی کے موقع پر حلف اٹھانے کے خواہشمند ہیں، تاہم کچھ قانونی پیچیدگیوں کے سبب اور الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی نتائج کے اعلان میں تاخیر کے پیشِ نظر یہ ممکن نہیں ہوسکا۔

علاوہ ازیں تحریک انصاف کی جانب کے رہنما نعیم الحق نے بھی وزارتِ عظمیٰ کے حلف کے پیشِ نظر صدر ممنون حسین سے اپنا بیرونِ ملک دورہ منسوخ کرنے کی درخواست کی تھی۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم حلف برداری تقریب: صدر سے غیر ملکی دورہ منسوخ کرنے کا مطالبہ

ادھر تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ صدرِ مملکت کی غیر موجودگی سے کوئی فرق نہیں پڑے گا کیوں کہ ان کی جگہ قائم مقام صدر (چیئرمین سینیٹ) صادق سنجرانی ہوں گے جو نئے منتخب ہونے والے وزیراعظم سے حلف لے سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے حالیہ انتخابات میں قومی اسمبلی کی 115 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی، تاہم سیاسی جوڑ توڑ کے بعد تحریک انصاف کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ اسے اتحادیوں اور آزاد امیدواروں کی شمولیت کے بعد ایوانِ زیریں میں 180 اراکین کی حمایت حاصل ہوچکی ہے، جو حکومت سازی کے لیے درکار سادہ اکثریت کی ضرورت کو پورا کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: صدر مملکت کی انتخابات کیلئے پاکستانی قوم کے جذبے کی تعریف

یہ بات مدِ نظر رہے کہ عمران خان کے وزیراعظم کا حلف اٹھاتے ہی پنجاب، خیبرپختونخوا، اور بلوچستان کے گورنروں کو اپنا منصب چھوڑنا پڑے گا۔

اس ضمن میں یہ بھی اطلاعات ہیں کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد میاں محمد نواز شریف اس بات پر ناخوش ہیں کہ مسلم لیگ (ن) کے تعینات کردہ صدر سمیت تینوں گورنر تاحال اپنے عہدوں پر براجمان ہیں جبکہ گورنر سندھ محمد زبیر حال ہی میں اپنے منصب سے مستعفی ہو چکے ہیں۔


یہ خبر 11 اگست 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 9 جنوری 2025
کارٹون : 8 جنوری 2025