• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

عمران خان بھارت سے مذاکرات کی بحالی کیلئے پرامید

شائع August 10, 2018
اجے بساریہ نے عمران خان کو بھارتی کھلاڑیوں کا دستخط شدہ بلا بھی تحفے میں پیش کیا — فوٹو: فہد چوہدری
اجے بساریہ نے عمران خان کو بھارتی کھلاڑیوں کا دستخط شدہ بلا بھی تحفے میں پیش کیا — فوٹو: فہد چوہدری

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے لیے بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ بنی گالا پہنچے۔

ملاقات کے دوران اجے بساریہ نے بھارتی حکومت کی جانب سے عمران خان کو ان کی کامیابی پر مبارک باد دی جبکہ دونوں شخصیات کی ملاقات میں پاکستان اور بھارت تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

عمران خان نے بھارتی ہائی کمشنر سے تمام تصفیہ طلب تنازعات پر مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھی تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہئے۔

عمران خان نے سارک سربراہ اجلاس کو جلد اسلام آباد میں منعقد کیے جانے کی امید کا اظہار کیا۔

اس موقع پر بھارتی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ نریندر مودی کی جانب سے عمران خان سے ٹیلی فونک رابطے نے دو طرفہ تعلقات سے متعلق بھارت میں نئی امید جگائی ہے۔

ملاقات کے دوران بھارتی ہائی کمشنر نے بھارتی کرکٹرز کا دستخط شدہ بلا عمران خان کو تحفہ دیا۔

مزید پڑھیں: تعلقات میں نئے دور کے آغاز پر تیار ہیں، مودی کا عمران خان کو فون

خیال رہے کہ اس سے قبل انتخابات 2018 میں تحریک انصاف کی کامیابی کے بعد بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی عمران خان سے رابطہ کیا تھا۔

بھارتی وزیر اعظم نے عمران خان سے بات چیت میں پاکستان اور بھارت کے ساتھ تعلقات میں نئے دور کے آغاز کے عزم کا اظہار کیا تھا۔

نریندر مودی نے عمران خان کو ٹیلی فون کرکے انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی تھی، اور ساتھ ہی نیک تمناؤں اور خواہشات کا اظہار بھی کیا تھا۔

بھارتی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات میں نئے دور کے آغاز پر تیار ہیں تاہم معاملات آگے بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کو مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔

خیال رہے کہ حالیہ انتخابات میں سادہ اکثریت حاصل کرلینے کے بعد عمران خان کے وزیر اعظم بننے کے امکانات روشن ہونے کے باعث بنی گالا میں مختلف ممالک کے سفیروں اور نمائندوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

گزشتہ روز پاکستان میں تعینات روسی سفیر الیگزے یوریوِچ دیدوو نے عمران خان سے ملاقات کی تھی اور انسانی حقوق میں بہتری اور کیمیائی ہتھیاروں میں پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: افغان صدر کی عمران خان کو مبارکباد، دورے کی دعوت

اس سے قبل پاکستان میں تعینات قائم مقام امریکی سفیر جان ایف ہوور کی قیادت میں امریکی سفارتی وفد نے بنی گالا میں عمران خان سے ملاقات کی تھی، دونوں ممالک کے تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

4 روز قبل یورپی یونین کے سفیر جین فرانکوئز کاؤٹن نے بھی عمران خان سے ملاقات میں یورپی یونین فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ سے نکلنے کے لیے پاکستان کی مدد کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

انتخابات 2018 میں پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی کے بعد سے ترکی، بھارت اور افغانستان کے سربراہان کی جانب سے عمران خان کو فون پر مبارکباد دی جاچکی ہے جبکہ چین، جاپان، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور برطانیہ کے سفیر بھی عمران خان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کر چکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024