• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

تحریک انصاف، امریکا سے سفارتی تعلقات بہتر بنانا چاہتی ہے، عمران خان

شائع August 9, 2018
تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے بنی گالہ میں اپنی رہائش گاہ پر امریکی سفیر سے ملاقات کی—فوٹو بشکریہ پی ٹی آئی ٹوئٹر
تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے بنی گالہ میں اپنی رہائش گاہ پر امریکی سفیر سے ملاقات کی—فوٹو بشکریہ پی ٹی آئی ٹوئٹر

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے امریکی سفیر سے ملاقات میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت امریکا سے تعلقات بہتر بنانا چاہتی ہے۔

بنی گالا میں اپنی رہائش گاہ پر قائم مقام امریکی سفیر جان ایف ہوور سے ملاقات میں پاکستان کے متوقع وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں اعتماد کی کمی کے باعث کئی اتار چڑھاؤ آچکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت امریکا کے ساتھ تعلقات مزید متوازن اور قابِل بھروسہ بنائے گی اور ہم امریکا سے تجارتی اور معاشی تعلقات کے فروغ کو زیادہ اہمیت دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی سفیر کی عمران خان سے ملاقات، انتخابات جیتنے پر مبارکباد

عمران خان نے بات چیت کے دوران دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے نئے دور کے آغاز اور اس میں دونوں کے مفادات مد نظر رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

تحریک انصاف کے میڈیا سیل کے مطابق امریکی وفد اور عمران خان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں باہمی مفادات، دو طرفہ تجارت اور افغانستان میں استحکام کے معاملات پر گفتگو ہوئی۔

جاری کردہ بیان کے مطابق عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ امریکی عوام تنازعات کے حل کے لیے سیاسی حل تلاش کرنے کی اہمیت سے واقف ہے کیوں کہ طاقت کے استعمال سے مسائل کے دیر پا حل کے بجائے مزید نقصان ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں: عالمی میڈیا عمران خان کی جیت کو کس طرح دیکھ رہا ہے؟

ان کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان میں قیام امن پاکستان اور امریکا کے بہترین مفاد میں ہے اور اس کے حصول کے لیے سیاسی سطح پر کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر امریکی سفیر نے عمران خان کو 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات جیتنے پر مبارک باد بھی دی۔

دوسری جانب ایران کے صدر حسن روحانی نے متوقع وزیراعظم عمران خان کو فون کرکے ایران کے سرکاری دورے کی دعوت دی، جسے انہوں نے بخوشی قبول کرلیا۔

یہ بھی پڑھیں: کینیڈا کے وزیر بھی عمران خان کے مداح

انتقالِ اقتدار کا عمل مکمل ہوتے ہی دونوں ممالک کی وزارتِ خارجہ دورے کو حتمی شکل دیں گی، اس کے ساتھ ایرانی صدر نے بھی تحریک انصاف کے سربراہ کو انتخابات میں کامیابی کی مبارک باد دی۔

اس دوران دونوں شخصیات میں باہمی دلچسپی کے امور، ایران اور پاکستان کے تعلقات اور دو طرفہ تجارت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس ضمن میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران نہ صرف قریبی پڑوسی ممالک ہیں بلکہ دونوں ممالک مشترکہ مذہبی اور ثقافتی اقدار کے بندھن سے بھی بندھے ہوئے ہیں۔

مزید پڑھیں افغان صدر کی عمران خان کو مبارکباد، دورے کی دعوت

گفتگو میں ایرانی صدر کا مزید کہنا تھا کہ ایران، پاکستان سے تجارتی اور سفارتی تعلقات بہتر بنانا چاہتا ہے۔

اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ پاکستان، ایران سے خصوصی تجارتی تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے اور ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کا بحی خواہش مند ہے۔


یہ خبر 9 اگست 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024