• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

نومنتخب اراکین اسمبلی کے انتخابی اخراجات کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو موصول

شائع August 5, 2018

اسلام آباد: ملک بھر میں 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے امیدواروں نے اپنے انتخابی اخراجات کی تفصیلات الیکشن کمیشن پاکستان (ای سی پی) میں جمع کرادیں۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کو قومی اسمبلی کے 2 سو 70 اراکین میں سے 2 سو 69 اراکین کی تفصیلات موصول ہوچکی ہیں۔

ان انتخابی امیدواروں نے اپنے تفصیلات صوبائی الیکشن کمشنر کو جمع کرائیں جس کے بعد انہوں نے یہ تفصیلات ای سی پی کو ارسال کیں۔

ذرائع نے اس حوالے سے بتایا کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 271 کیچ بلوچستان سے نومنتخب رکنِ اسمبلی نے اپنی تفصیلات جمع نہیں کرائیں۔

مزید پڑھیں: نو منتخب اراکین اسمبلی کو انتخابی گوشوارے جمع کروانے کی ہدایت

دوسری جانب پنجاب اسمبلی کے 2 سو 95 اور سندھ اسمبلی کے ایک سو 29 نومنتخب اراکین نے بھی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرادی ہیں۔

ادھر خیبر پختونخوا اسمبلی کے 97 اور بلوچستان اسمبلی کے 49 نومنتخب ارکان کی تفصیلات بھی الیکشن کمیشن کو موصول ہوگئی ہیں۔

بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 36 سے کامیاب امیدوار نے تفصیلات جمع نہیں کرائیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن 2 یا تین روز میں جاری کردیا جائے گا جس کے 3 روز بعد آزاد امیدوار پارٹی میں شمولیت اختیار کرسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان، شہباز شریف نے انتخابی اخراجات کی تفصیلات دے دیں

واضح رہے کہ ای سی پی نے عام انتخابات 2018 میں کامیاب ہونے والے تمام اراکین کو ہدایت جاری کی تھیں کہ وہ 4 اگست تک اپنے انتخابی اخراجات کے گوشوارے اپنے متعلقہ ریٹرننگ افسر کے پاس جمع کرادیں۔

الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ اخراجات کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے امیدواروں کے کامیابی کے نوٹیفکیشن روک دیے جائیں گے۔

یاد رہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے قومی اسمبلی کے حلقے 131 لاہور سے اپنے انتخابی اخراجات کی تفصیلات جمع کروائیں، جن کے مطابق انہوں نے انتخابی مہم پر 9 لاکھ 97ہزار 9 سو 25 روپے خرچ کیے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہبازشریف نے این اے 132 لاہور میں انتخابی مہم کے دوران 19 لاکھ 34 ہزار 4 سو 47 روپے خرچ کیے۔

انہوں نے صرف گاڑیوں میں تیل کی مد میں 6 لاکھ روپے خرچ کیے جبکہ شہباز شریف کی اشتہاری مہم 11 لاکھ روپے کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024