• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

’ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعمیری کردار کیلئے تیار ہیں‘

شائع August 4, 2018
— فوٹو: فہد چوہدری
— فوٹو: فہد چوہدری

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر سے ملاقات کے دوران کہا کہ اسلام آباد، ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعمیری اور مثبت کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

تحریک انصاف کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست نے بنی گالا میں عمران خان سے ملاقات کی اور انتخابات میں کامیابی پر ایرانی صدر حسن روحانی کی طرف سے مبارکباد کا پیغام پہنچایا۔

ملاقات کے دوران ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ ایران علاقائی تعاون اور ترقی کے ایجنڈے میں پاکستان کے ساتھ اشتراک کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور اسلام آباد کے ساتھ تعاون اور اشتراک کی تمام راہیں کھلی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ تجارت بڑھانے کا بھی خواہاں ہے جبکہ ایران ۔ پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے سے پاکستان کا مستقبل بدل سکتا ہے اور تہران اس منصوبے کے حوالے سے پاکستان کے ساتھ تعمیری بات چیت کے لیے تیار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خطے کی صورتحال نہایت حساس ہے جبکہ ایران خطے میں امن کے لیے پاکستان کی تجاویز کا خیر مقدم کرے گا۔

ایرانی صدر کی جانب سے تہنتی پیغام پہنچانے اور مبارکباد دینے پر چیئرمین تحریک انصاف نے ایرانی سفیر کا شکریہ ادا کیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایران سمیت تمام ہمسائیوں کے ساتھ تجارت کا خواہاں ہے اور پاکستانی معیشیت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہمارا اہم ترین ہدف ہے۔

مزید پڑھیں: برطانوی ہائی کمشنر کی عمران خان سے ملاقات، انتخابات میں جیت پر مبارکباد

انہوں نے کہا کہ ’اپنی سالمیت کے تحفظ کے لیے ایران کا کردار قابل تحسین ہے جبکہ پاکستان، ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعمیری اور مثبت کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے ایران کا دورہ کرنے اور تاریخی مقامات کی زیارت کی خواہش بھی ظاہر کی۔

ملاقات میں پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، شیریں مزاری اور نعیم الحق بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ 25 جولائی کو عام انتخابات میں تحریک انصاف کی کامیابی کے بعد سے ترکی، بھارت اور افغانستان کے سربراہان کی جانب سے عمران خان کو فون پر مبارکباد دی جاچکی ہے، جبکہ مختلف ممالک کے سفرا بھی چیئرمین پی ٹی آئی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کرچکے ہیں۔

گزشتہ روز جاپانی سفیر تاکاشی کورائی نے بھی عمران خان سے بنی گالا میں ملاقات کی اور عام انتخابات 2018 میں ان کی پارٹی کی بہترین کارکردگی پر مبارک باد دی۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024