• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ناقص انگلش فیلڈنگ کی بدولت کوہلی کے 149 رنز، بھارت کی پوزیشن مستحکم

شائع August 2, 2018
انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں سنچری مکمل کرنے کے بعد ویرات کوہلی کا ایک انداز— فوٹو: اے ایف پی
انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں سنچری مکمل کرنے کے بعد ویرات کوہلی کا ایک انداز— فوٹو: اے ایف پی

انگلینڈ کی ناقص فیلڈنگ اور ویرات کوہلی کی شاندار 149رنز کی اننگز کی بدولت بھارت نے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کا بھاری برتری لینے کا خواب چکنا چور کرتے ہوئے میچ میں اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔

برمنگھم میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن انگلینڈ نے 285 رنز 9 کھلاڑی آوٹ سے اپنی پہلی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو بھارت کو انگلش ٹیم کو آؤٹ کرنے میں زیادہ دیر نہ لگی۔

دن کے دوسرے ہی اوور میں محمد شامی نے سیم کیورن کو آؤٹ کر کے انگلش ٹیم کی بساط 287رنز پر لپیٹ دی، کیورن نے 24رنز بنائے۔

بھارت کی جانب سے روی چندرن ایشون نے 4 اور محمد شامی نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

بھارت نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 50رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا لیکن انگلش کپتان نے جیسے ہی سیم کیورن کو باؤلنگ پر متعارف کرایا، میچ کا پانسہ پلٹ گیا۔

کیورن نے شاندار اسپیل کرتے ہوئے اوپننگ شراکت کا خاتمہ کرنے کے ساتھ ساتھ مرلی وجے، شیکھر دھاون اور لوکیش راہل کو آؤٹ کیا تو بھارتی ٹیم 59رنز پر 3وکٹوں سے محروم ہو چکی تھی۔

اس موقع پر کپتان ویرات کوہلی اور اجنکیا راہانے نے سنبھل کر بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی سنچری مکمل کرائی لیکن اسی اسکور پر بین اسٹوکس نے پہلے 15رنز بنانے والے راہانے کو آؤٹ کیا اور پھر دنیش کارتھک کو کھاتا کھولنے کا موقع بھی فراہم نہیں کیا۔

انگلینڈ کو اگلی ہی گیند پر دوبارہ وکٹ لینے کا موقع ملا لیکن چوتھی سلپ میں موجود فیلڈر ہردک پانڈیا کا کیچ نہ تھام سکے۔

اگلے ہی اوور میں انگلینڈ نے اس وقت بڑی غلطی کی جب دوسری سلپ میں موجود ڈیوڈ ملان ان کا کیچ نہ تھام سکے جبکہ اگلی ہی گیند پر ایلسٹر کک نے آسان کیچ ڈراپ کر کے پانڈیا کو دوسرا موقع فراہم کیا۔

ویرات کوہلی کا کیچ چھوٹنے کا منظر— فوٹو: اے ایف پی
ویرات کوہلی کا کیچ چھوٹنے کا منظر— فوٹو: اے ایف پی

تاہم پانڈیا ان دو مواقعوں سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے اور 22 رنز بنانے کے بعد کیورن کی چوتھی وکٹ بن گئے البتہ آؤٹ ہونے سے قبل انہوں نے کپتان کے ہمراہ چھٹی وکٹ کے لیے قیمتی 48رنز جوڑے۔

کوہلی نے چوکے کی مدد سے انگلینڈ میں اپنی پہلی نصف سنچری مکمل کی لیکن انگلش ٹیم نے غلطیوں کا سلسلہ جاری رکھا اور اگلی ہی گیند پر کوہلی کا ایک اور کیچ ڈراپ کر کے اسٹار بلے باز کو ایک اور موقع فراہم کیا۔

جیمز اینڈرسن نے ایک خوبصورت آؤٹ سوئنگر پر 10 رنز بنانے والے ایشون کی مزاحمت کا خاتمہ کیا جبکہ شامی کی اننگز بھی انگلش اسٹار نے 2کے انفرادی اسکور پر تمام کی۔

182رنز پر 8وکٹیں گرنے کے بعد ایسا محسوس ہوتا تھا کہ جلد بھارتی ٹیم پویلین لوٹ جائے گی لیکن کوہلی انگلش باؤلرز کے خلاف ڈٹ گئے اور انگلش ٹیم کو ڈراپ کیچز کی بھاری قیمت چکانی پڑی۔

اسٹار بلے باز نے ایشانت شرما کے ساتھ نویں وکٹ کے لیے 35رنز جوڑے جس میں ایشانت کا حصہ صرف 5رنز کا تھا لیکن انگلینڈ کے لیے آخری وکٹ کا حصول بھی آسان ثابت نہ ہوا۔

اس موقع پر اصل مقابلہ کوہلی اور انگلش باؤلرز کے درمیان تھا جنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 22ویں سنچری مکمل کرنے کے بعد انگلش باؤلرز کا امتحان لینے کا سلسلہ جاری رکھا۔

بھارتی کپتان نے 10ویں وکٹ کے لیے امیش یادو کے ہمراہ 57رنز کی شراکت قائم کی جس میں ٹیل اینڈر کا حصہ صرف ایک رن تھا اور جب 149 کے انفرادی اسکور پر عادل راشد کی گیند پر ان کی اننگز کا خاتمہ ہوا تو بھارتی ٹیم اسکور بورڈ پر 274 رنز کا مجموعہ سجا چکی تھی۔

کوہلی نے 225 گیندوں پر 149 رنز کی اننگز کے دوران 22 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔

انگلینڈ کو ڈراپ کیچز کا بھاری خمیازہ بھگتنا پڑا اور وہ پہلی اننگز میں صرف 13رنز کی برتری حاصل کر سکے۔

دن کا اختتام بھی میزبان ٹیم کے لیے کچھ اچھا ثابت نہ ہوا اور جب ایلسٹر کک بغیر کوئی رن بنائے ایشون کی وکٹ بنے تو امپائرز نے دوسرے دن کے کھیل کے اختتام کا اعلان کردیا۔

انگلینڈ نے دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 9رنز بنائے تھے اور اسے مجموعی طور پر 22رنز کی برتری حاصل ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024