تحریک انصاف کی جانب سے اسپیکر پنجاب اسمبلی کیلئے پرویز الہٰی کا نام زیر غور
پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی جانب سے پنجاب میں مضبوط اور تجربہ کار شخصیت کو اسپیکر اسمبلی لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الہٰی کا نام زیر غور ہے۔
ذرائع کے مطابق مرکز اور پنجاب میں حکومت سازی کے لیے مجموعی تعداد کا دعویٰ کرنے والی تحریک انصاف صوبے میں مضبوط امیدوار کو اسپیکر بنانے پر غور کر رہی ہے۔
مزید پڑھیں: مسلم لیگ (ق) کا حکومت بنانے کیلئے تحریک انصاف کی حمایت کا فیصلہ
ذرائع کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی سینئر قیادت مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الہٰی کو اسپیکر پنجاب اسمبلی کا منصب دینے کی خواہشمند نظر آرہی ہے۔
تاہم ذرائع نے بتایا کہ چوہدری پرویز الہٰی کی رضا مندی پر ہی انہیں اسپیکر کا منصب دیے جانے کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ چوہدری پرویز الہٰی پہلے بھی پنجاب اسمبلی کے اسپیکر کا منصب سنبھال چکے ہیں۔
دوسری جانب تحریک انصاف کی حریف مسلم لیگ (ن) بھی حکومت سازی کے لیے سرگرم ہے اور انہوں نے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر لانے کے لیے لابنگ شروع کردی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ (ق) نے وزیراعلیٰ پنجاب یا ڈپٹی وزیراعظم کا عہد مانگ لیا
ذرائع کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے پنجاب سے 8آزاد ایم این ایز اور20 ایم پی ایز سے رابطہ کیا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ مسلم لیگ (ن) نے درخواست کی ہے کہ جن سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں نے وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ کے لیے تحریک اںصاف کو ووٹ دینے کا اعادہ کرلیا ہے وہ اسپیکر شپ کے لیے (ن) لیگ کی حمایت کردیں۔