• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

’تمام امیدوار انتخابی نتائج تسلیم کریں‘

شائع July 31, 2018

اسلام آباد: سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ پاکستان میں شفاف انتخابات ہوئے ہیں تاہم تمام انتخابی امیدوار نتائج کو تسلیم کریں۔

وفاق دارالحکومت میں مبینہ دھاندلی کے الزامات پر بریفنگ دیتے ہوئے سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے تمام نتائج کا اعلان کردیا ہے۔

آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انتخابی عمل میں امیدواروں کو یکساں ماحول فراہم کیا گیا، تاہم تمام امیدوار انتخابی نتائج کو تسلیم کریں۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ انتخابی امیدواروں کے حوالے سے قومی احتساب بیورو (نیب) کو کارروائیاں روکنے کی بھی درخواست کی گئی تھی جبکہ مختلف سیاسی جماعتوں کے قافلوں کو روکنے پر بھی نوٹس لیے گئے تھے۔

مزید پڑھیں: مسلم لیگ (ن) کا انتخابی نتائج کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کے قیام کا مطالبہ

انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس کے اختتام پر چند سیاسی جماعتوں کی جانب سے چیف الیکشن کمیشنر کے مستعفی ہونے کے بیان پر افسوس ہے، جبکہ صاف شفاف اور غیر جانب دار انتخابات کے بارے میں بغیر کسی ثبوت کے الزامات اور بیانات حقائق کے منافی ہیں۔

بابر یعقوب نے کہا کہ پاکستان کی عوام کے مینڈیٹ کا بغیر کسی جواز اور محض اپنے سیاسی مفادات کی بنیاد پر احترام نہ کرنا جمہوریت کے بنیادی اصولوں کے منافی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی جمہوری قوم اور ترقی یافتہ ملک قانون سے ہٹ کر کوئی بھی مطالبہ قانون کی صریحاً خلاف ورزی سمجھتا ہے۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے حوالے سے تقریباً 100 درخواستوں پر کارروائی بھی کی، جبکہ پورے ملک میں دھاندلی کے حوالے سے کوئی شکایات موصول نہیں ہوئیں۔

یہ بھی پڑھیں: درخواست کے باوجود ووٹوں کی گنتی دوبارہ نہیں کی جارہی، عثمان ڈار

انہوں نے بتایا کہ ملک میں شفاف الیکشن ہوئے ہیں جہاں ٹرن آوٹ 52 فیصد رہا، جبکہ انتخابات اپنے وقت پر ہی منعقد ہوئے، جہاں عوام نے آزادانہ ماحول میں حق رائے دہی استعمال کیا۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ الیکشن کمیشن یہ بھی واضح کرتا ہے کہ اگر کسی انتخابی امیدوار کو کسی بھی حوالے سے کوئی شکایت ہے تو وہ قانونی طریقے سے راستہ اختیار کرے۔

انتخابات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سیکریٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ میڈیا اور ویب سائٹ کے ذریعے تمام معلومات عوام تک پہنچائی جاتی رہیں اور انتخابات سے متعلق تمام امیدواروں کی تفصیلات بھی ویب سائٹ پر جاری کی گئیں۔

مزید پڑھیں: تحریک انصاف کی جانب سے اسپیکر پنجاب اسمبلی کیلئے پرویز الہٰی کا نام زیر غور

بابر یعقوب نے بتایا کہ یہ پہلا الیکشن ہے جس میں خواتین کی بطور ووٹر اور امیدوار شرکت کو سراہا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر کے تمام پولنگ اسٹیشنز پر انتخابی مواد وافر مقدار میں مہیا کیا گیا، جبکہ انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کے لیے مانیٹرنگ سیل بھی قائم کیا گیا تھا۔

علاوہ ازیں سیکریٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ آر اوز اور ڈی آر اوز سے انتخابی نتائج میں تاخیر پر وجوہات کی تفصیلات طلب کرلیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024