• KHI: Zuhr 12:38pm Asr 4:23pm
  • LHR: Zuhr 12:09pm Asr 3:38pm
  • ISB: Zuhr 12:14pm Asr 3:37pm
  • KHI: Zuhr 12:38pm Asr 4:23pm
  • LHR: Zuhr 12:09pm Asr 3:38pm
  • ISB: Zuhr 12:14pm Asr 3:37pm

پہلے ون ڈے میں سری لنکن بیٹنگ ناکام، جنوبی افریقہ فاتح

شائع July 29, 2018
تبریز شمسی کو عمدہ باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا— فوٹو: اے ایف پی
تبریز شمسی کو عمدہ باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا— فوٹو: اے ایف پی

تبریز شمسی اور کگیسو ربادا کی عمدہ باؤلنگ کے ساتھ ساتھ فاف ڈیو پلیسی اور جین پال ڈومینی کی ذمے دارانہ بیٹنگ کی بدولت جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو پہلے ون ڈے میچ میں 5وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔

دمبولا میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو تباہ کن ثابت ہوا اور ربادا کی تباہ کن باؤلنگ کے باعث 36 رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔

اس موقع پر ایسا محسوس ہوتا تھا کہ شاید سری لنکن ٹیم سنچری بھی مکمل نہ کر سکے لیکن ٹیم کی امیدوں کا محور کوشل پریرا اور تھسارا پریرا جنوبی افریقی ٹیم کے خلاف ڈٹ گئے۔

دونوں کھلاڑیوں نے 92رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو مکمل تباہی سے بچا لیا، تھسارا پریرا 49رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔

کوشل نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور اکیلا دھننجیا کے ساتھ مزید 38رنز جوڑ کر اسکور کو 166 تک پہنچایا جبکہ 179 کے مجموعی اسکور پر کوشل کی 81رنز کی شاندار مزاحمتی اننگز بھی اختتام پذیر ہوئی۔

سری لنکا کی پوری ٹیم 35ویں اوور میں 193 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے کگیسو ربادا اور تبریز شمسی نے 4، 4 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں ہاشم آملا اور کوئنٹن ڈی کوک نے اپنی ٹیم کو 31 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اسی اسکور پر اکیلا دھننجیا نے لگاتار دو گیندوں پر آملا اور ایڈن مرکرم کو پویلین رخصت کرکے سری لنکا کو اہم کامیابیاں دلوادیں۔

ڈی کوک کا ساتھ دینے کپتان ڈیو پلیسی آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 86رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو مضبوط مقام تک پہنچا دیا تاہم جنوبی افریقہ کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب پہلے ڈی کوک اور پھر ڈیو پلیسی 47، 47 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

129رنز پر 4وکٹیں گرنے کے بعد جنوبی افریقہ کی ٹیم مشکل میں گھری نظر آنے لگی لیکن جین پال ڈومینی نے جارحانہ نصف سنچری اسکور کر کے سری لنکا کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

ڈومینی نے 32 گیندوں پر 6 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 53رنز کی اننگز کھیلی جس کی بدولت جنوبی افریقہ نے 31 اوورز میں ہدف حاصل کر کے 5 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلی۔

اس فتح کی بدولت جنوبی افریقہ نے 5 ون ڈے میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔

33 رنز کے عوض 4 وکٹیں لینے والے جنوبی افریقی اسپنر تبریز شمسی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 8 جنوری 2025
کارٹون : 7 جنوری 2025