• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

جمائما گولڈ اسمتھ کی عمران خان کو مبارکباد

شائع July 26, 2018

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے انہیں جیت پر مبارکباد پیش کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں جمائما گولڈ اسمتھ کا کہنا تھا کہ رکاوٹوں اور پریشانیوں کے باوجود میرے بچوں کے والد نے 22 سال کی انتھک محنت بعد کامیابی حاصل کرلی۔

اپنے ایک اور پیغام میں جمائما گولڈ اسمتھ کا کہنا تھا کہ انہیں 1997 میں عمران خان کے پہلے انتخابات بھی یاد ہیں، جس میں عمران خان ایک سیاسی طور پر سادہ لوح اور ایک مثالی شخصیت تھے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں 3 ماہ کے سلیمان کے ساتھ لاہور میں انتظار کر رہی تھی، جب انہوں نے کہا کہ ’یہ کلین سوئپ ہے‘ جس کے بعد میں نے آہ بھری تو وہ قہقہے لگانے لگے‘۔

عام انتخابات کے روز بھی جمائما خان نے الیکشن کے حوالے سے ٹوئٹ کیا تھا جس میں انہوں نے پاکستان میں الیکشن کے دن کی مبارکباد دی تھی۔

اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ عوام کو وہ حکمران ملے گا جس میں انہیں یقین ہے۔

علاوہ ازیں جمائما گولڈ اسمتھ نے اپنے پیغام میں ’پاکستان زندہ باد‘ کا بھی نعرہ لگایا۔

واضح رہے کہ جمائما گولڈ اسمتھ ایک برطانوی شہری ہیں جنہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ساتھ 1995 میں شادی کی تھی۔

عمران خان اور جمائما خان کی یہ شادی 2004 تک برقرار رہی، جس کا اختتام طلاق کی صورت میں ہوا تھا۔

عمران خان اور جمائما گولڈ اسمتھ کے 2 بیٹے ہیں، جن میں سے ایک سلیمان عیسٰی خان 1996 میں پیدا ہوئے جبکہ دوسرے بیٹے قاسم خان 1999 میں پیدا ہوئے۔

علیحدگی کے بعد جمائما گولڈ اسمتھ برطانیہ واپس چلی گئیں اور اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ وہیں رہائش پذیر ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024