• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

انتخابات پر عرب و اسرائیلی میڈیا نے کیا لکھا؟

شائع July 25, 2018 اپ ڈیٹ July 26, 2018

پاکستانی انتخابات پر جہاں بھارتی وعالمی میڈیا نے خصوصی خبریں، تجزیے اورفیچرشائع کیے، وہیں اسرائیلی وعرب میڈیا نے بھی انتخابات کے حوالے سے اہم خبریں شائع کیں۔

الجزیرہ

عرب نشریاتی ادارے ‘الجزیرہ’ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ پاکستان کے 10 کروڑ سے زائد افراد اپنا حق رائے دہی استعمال کرکے اگلی مدت کے لیے نئی حکومت کے نمائندے منتخب کریں گے۔

رپورٹ میں بتایا گیا انتخابات میں 30 سے زائد سیاسی جماعتوں کے امیدوار میدان میں اتریں گے۔

الجزیرہ کے مطابق یہ دوسرا موقع ہے کہ پاکستان میں کسی بھی جمہوری حکومت کی مدت کے بعد انتخابات منعقد ہو رہے ہیں۔

ساتھ ہی عرب نشریاتی ادارے نے اپنی رپورٹ میں انتخابات کے طریقہ کار، انتخابی مہم کے دوران ہونے والے دہشت گردی کے واقعات اور پولنگ کے دن سخت سیکیورٹی کے حوالے سے بھی لکھا۔

ٹائمز آف اسرائیل

اسرائیلی نشریاتی ادارے ‘ٹائمز آف اسرائیل’ نے اپنی تمام اہم خبروں میں پاکستانی انتخابات کے حوالے سے خبریں شائع کیں۔

ٹائمز آف اسرائیل نے اپنی رپورٹس میں بتایا کہ پولنگ سے قبل از دھاندلی کے الزامات اور دہشت گردی کے واقعات کے باوجود پاکستان میں عام انتخابات کے لیے 25 جولائی کو ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔

اسرائیلی نشریاتی ادارے نے پولنگ کے دن کوئٹہ میں ہونے والے بم دھماکے کے حوالے سے بھی خبر شائع کی۔

اسی ادارے کی 25 جولائی کی سہ پہر تک 5 اہم ترین خبریں پاکستانی انتخابات کے حوالے سے تھیں۔

پریس ٹی وی

ایرانی نشریاتی ادارے ‘پریس ٹی وی’ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ پاکستان میں عام انتخابات کے دن سخت سیکیورٹی کے باوجود کوئٹہ میں بم دھماکہ ہوا، جس میں متعدد انسانی جانوں کا ضیاع ہوا۔

ادارے نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ انتخاب سے قبل دھاندھلی کی چہ مگوئیاں بھی کی جاتی رہیں، تاہم پھر بھی انتخاب کا انعقاد کیا گیا۔

عرب نیوز

عرب نشریاتی ادارے ‘عرب نیوز’ نے بھی پاکستانی انتخابات پر خصوصی خبریں شائع کیں۔

عرب نیوز نے اپنی رپورٹ میں پولنگ کے دن کوئٹہ میں ہونے والے بم دھماکے کے علاوہ بھی دیگر خبریں شائع کیں۔

ایک رپورٹ میں تجزیہ کیا گیا کہ عین ممکن ہے کہ 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) جیت جائے۔

گلف نیوز

گلف نیوز نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ 25 جولائی کو پاکستانی ووٹرز نئی حکومت کا انتخاب کریں گے۔

اسی رپورٹ میں بتایا گیا کہ 10 کروڑ سے زائد افراد اپنی حق رائے دہی کا استعمال کریں گے، جب کہ پولنگ کے دن سیکیورٹی کے لیے 8 لاکھ اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

خلیج ٹائمز

خلیج ٹائمز نے اپنی ایک رپورٹ میں تجزیہ کیا کہ یہ عین ممکن ہے کہ چند ماہ قبل ہی تیسری شادی کرنے والے سابق کرکٹر عمران خان 25 جولائی کو انتخابات میں کامیابی حاصل کریں۔

اسی ادارے نے پاکستانی انتخابات کے حوالے سے متعدد اہم خبریں بھی شائع کیں، ادارے نے پولنگ کے دن کوئٹہ میں ہونے والے بم دھماکے کی خبر کو بھی نمایاں جگہ دی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024