ورلڈ کپ 2018 کے دوران ٹوئٹر پر برازیل کا راج
فیفا ورلڈ کپ 2018 کا سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی خوب چرچا رہا اور برازیل اور اس کے اسٹار فٹبالرز عالمی کپ کے دوران ٹوئٹر پر سب پر بازی لے گئے۔
ورلڈ کپ اپنے تمام تر دلچسپ مقابلوں اور شاندار لمحات کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا جہاں فرانس نے کروشیا کو شکست دے کر دوسری مرتبہ عالمی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
عالمی کپ کا سوشل میڈیا پر بھی بہت چرچا رہا خصوصاً ٹوئٹر پر لوگوں نے ورلڈ کپ میں ہونے والے اپ سیٹ، یادگار لمحات اور تنازعات پر اپنی آرا کا اظہار کیا۔
ٹوئٹر کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق عالمی کپ کے حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر 115ارب ٹوئٹ کی گئیں جس میں سب سے زیادہ ٹوئٹ اتوار کو ہونے والے فائنل کے دن کی گئیں۔
ٹوئٹر نے اپنے بیان میں کہا کہ ہمیں لائیو میچز کے دوران سب سے زیادہ ٹوئٹ اور لوگوں کے درمیان گفتگو دیکھنے کو ملی جبکہ سب سے زیادہ ٹوئٹ فرانس اور کروشیا کے درمیان ہونے والے فائنل میچ کے دوران کی گئیں۔
برازیل اور بیلجیئم کی ٹیموں کے درمیان ہونے والے کوارٹر فائنل میچ میں بھی بے انتہا ٹوئٹ کی گئیں اور یہ میچ فہرست میں دوسرے نمبر پر رہا جبکہ اس فہرست میں تیسرا میچ برازیل اور میکسکو کے درمیان کھیلا گیا پری کوارٹر فائنل میچ رہا جس میں برازیل نے 0-2 سے کامیابی حاصل کی تھی۔
بیلجیئم کے ہاتھوں کوارٹر فائنل میں شکست کے سبب برازیل کی ٹیم ٹرافی تو نہ جیت سکی لیکن یہ ٹیم ٹوئٹر پر سب سے زیادہ مباحثوں کا حصہ رہی۔
ٹوئٹر پر جن ٹیموں کا سب سے زیادہ حوالہ دیا گیا ان میں برازیلین ٹیم سرفہرست رہی جبکہ دوسرے نمبر پر فرانس، تیسرے پر ارجنٹائن، چوتھے پر انگلینڈ اور پانچویں پر پرتگال کی ٹیم رہی۔
ورلڈ کپ میں جس کھلاڑی کا سب سے زیادہ تذکرہ کیا گیا وہ بھی برازیل کے ہی نیمار جونیئر ہیں جنہیں ان کے انجری کے بعد ڈراموں کی وجہ سے خاصی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
فہرست میں دوسرے نمبر پر لیونل میسی، تیسرے پر کرسٹیانو رونالڈو، چوتھے پر برازیل کے کوٹنہو اور پانچویں پر فرانس کے کائلیان ایمباپے رہے۔
صرف یہی نہیں بلکہ عالمی کپ میں سے زیادہ ٹوئٹس میں بھی برازیل بازی لے گیا اور سب سے زیادہ ٹوئٹس اسی ملک کے عوام نے کیں جس کے بعد فہرست میں جاپان، انگلینڈ، امریکا اور فرانس شامل ہیں۔
عالمی کپ میں جس موقع یا جس لمحے پر سب سے زیادہ ٹوئٹس کی گئیں وہ ورلڈ کپ فائنل میں کائلیان ایمباپے کی جانب سے کیا گیا گول ہے جس کی بدولت فرانس نے میچ میں 1-4 کی برتری حاصل کی تھی اور اس موقع پر عالمی کپ کے دوران فی منٹ سب سے زیادہ ٹوئٹس کی گئیں۔
اس فہرست میں دوسرا نمبر فلپ کوٹنہو کی جانب سے کوسٹاریکا کے خلاف انجری ٹائم میں کیے گئے گول کا ہے۔
تیسرے نمبر جرمنی کی جنوبی کوریا کے ہاتھوں 0-2 سے اپ سیٹ شکست کا ہے۔
انسٹاگرام نے بھی اس حوالے سے اعدادوشمار جاری کیے ہیں جس کے مطابق صرف عالمی کپ کے دوران پرتگال کے اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کو 58لاکھ نئے لوگوں نے فالو کیا جس سے انسٹاگرام پر ان کے فالوورز کی تعداد 135ملین ہو گئی ہے۔