• KHI: Zuhr 12:38pm Asr 4:23pm
  • LHR: Zuhr 12:09pm Asr 3:38pm
  • ISB: Zuhr 12:14pm Asr 3:37pm
  • KHI: Zuhr 12:38pm Asr 4:23pm
  • LHR: Zuhr 12:09pm Asr 3:38pm
  • ISB: Zuhr 12:14pm Asr 3:37pm

بھارت تیسرے ون ڈے میں ناکام، سیریز انگلینڈ کے نام

شائع July 18, 2018
سیریز کی فاتح انگلش ٹیم کا ٹرافی کے ہمراہ گروپ فوٹو— فوٹو: اے ایف پی
سیریز کی فاتح انگلش ٹیم کا ٹرافی کے ہمراہ گروپ فوٹو— فوٹو: اے ایف پی

لیڈز: عادل راشد کی شاندار باؤلنگ اور جو روٹ کی سنچری کی بدولت انگلینڈ نے بھارت کو سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں 8وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔

ہیڈنگلے میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو گزشتہ میچ کے مین آف دی میچ بھارتی بلے باز روہت شرما صرف 2رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اس موقع پر شیکھر دھاون اور کپتان ویرات کوہلی وکٹ پر یکجا ہوئے اور دونوں نے 71رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کرنے کی کوشش کی لیکن 44رنز بنانے والے دھاون وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں پویلین لوٹ گئے۔

کوہلی نے کارتھک کے ساتھ مل کر 125 تک پہنچایا ہی تھا کہ عادل راشد نے دنیش کارتھک کی وکٹیں بکھیر دیں تاہم بھارت کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب راشد نے ایک عمدہ لیگ اسپن پر کوہلی کی وکٹیں بکھیر دیں جنہوں نے آؤٹ ہونے سے قبل 71 رنز بنائے۔

انگلینڈ کو پانچویں کامیابی کے لیے زیادہ انتظار نہ کرنا پڑا اور صرف 2رنز کے اضافے سے عادل نے سریش رائنا کو بھی پویلین رخصت کر کے بھارت کی بڑے اسکور کی امیدوں کو ختم کردیا۔

کوہلی کے آؤٹ ہونے کے بعد بھارتی ٹیم تیزی سے اسکور کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی اور مقررہ اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر صرف 256رنز ہی بنا سکی، مہندرا سنگھ دھونی 42، جبکہ ہردک پانڈیا اور بھوونیشور کمار نے 21، 21 جبکہ شردل ٹھاکر نے 22 رنز اننگز کھیلی۔

انگلینڈ کی جانب سے عادل راشد اور ڈیوڈ ولی نے تین، تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ہدف کے تعاقب میں انگلش اوپنرز جیمز ونس اور جونی بیئراسٹو نے اپنی ٹیم کو 43رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن ونس 27 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے جبکہ 30رنز بنانے والے بیئراسٹو کی اننگز بھی 73 کے مجموعی اسکور پر تمام ہوئی۔

73 رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد جو روٹ کا ساتھ دینے کپتان آئن مورگن آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام بھارتی باؤلرز کو آڑے ہاتھوں لیا۔

روٹ اور مورگن نے ناقابل شکست 186رنز کی شراکت قائم کر کے 33گیندوں قبل ہی اپنی ٹیم کو میچ میں فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

جو روٹ نے چوکا لگا کر ٹیم کو فتح دلانے کے ساتھ ساتھ کیریئر کی 13ویں سنچری بھی مکمل کی جبکہ مورگن 88رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی انگلینڈ نے سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔

عادل راشد کو عمدہ باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ جو روٹ سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ لے اڑے۔

کارٹون

کارٹون : 8 جنوری 2025
کارٹون : 7 جنوری 2025