عمران خان کی زندگی پر بننے والی فلم کی کہانی کیا ہے؟
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زندگی پر بننے والی فلم کی شوٹنگ کا آغاز ہوگیا۔
فلم 'کپتان' کی تیاری کئی برسوں سے جاری تھی مگر درمیان میں رک گئی، تاہم اب اس کی پروڈکشن شروع ہونے کی تصدیق کی گئی ہے، جس میں اداکار عبدالمنان عمران خان جبکہ سعیدہ امتیاز جمائما خان کا کردار ادا کریں گی۔
ڈان امیجز کی ٹیم نے فلم کے دونوں مرکزی اداکاروں سے بات کرکے اس فلم کے بارے میں جانا۔
مزید پڑھیں : پاکستانی 'کپتان' تکمیل کے قریب
عبدالمنان نے انکشاف کیا کہ یہ فلم کافی عرصے سے پائپ لائن میں تھی اور اچھے ڈائریکٹر اور عملے کی منتظر تھی، اب اس فلم کی ہدایات فیصل امان خان دیں گے۔
انہوں نے بتایا ' آخرکار یہ عمل مکمل ہوگیا اور انتظار ختم ہوگیا، نئے لوگ اس فلم کو ایک نئی سطح پر لے جائیں گے، اور میرا نہیں خیال کہ فلم کے حوالے سے بہت تاخیر ہوچکی ہے'۔
عمران خان کے کردار پر بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا ' عمران خان کی شخصیت کی عکاسی آغاز میں میرے لیے آسان نہیں تھی، مگر بتدریج میں کردار میں ڈھل گیا اور یہ ایک زبردست تجربہ ثابت ہوا'۔
اس کردار کے لیے عبدالمنان نے پی ٹی آئی سربراہ سے بھی ملاقات کی ' ہم 3 بار عمران خان سے ملیں، ایک بار ان کی بنی گالہ کی رہائش گاہ میں باضابطہ ملاقات ہوئی، جہاں ہامرا وقت اچھا گزرا'۔
انہوں نے مزید کہا ' یہ ایک مشکل کردار تھا مگر میں نے اس کے لیے اپنی ہر ممکن بہترین صلاحیت سے کام لیا'۔
سعیدہ امتیاز کا کہنا تھا کہ اگرچہ وہ جاوید شیخ کی فلم 'وجود' میں جلوہ گر ہوچکی ہیں، مگر 'کپتان' ان کی پہلی فلم ہے۔
انہوں نے بتایا 'وجود پہلے ریلیز ہوگئی تو ایسا لگتا ہے کہ یہ میری ڈیبیو فلم ہے مگر میرا پہلا پراجیکٹ جمائما خان کا کردار تھا، تو وہ بہت زیادہ مشکل تھا کیونکہ میں اس شعبے میں نئی تھی اور اس کے لیے 6 ماہ تک تربیت بھی لی۔ میں نے اپنے پہلے تجربے سے بہت کچھ سیکھا'۔
عبدالمنان کو عمران خان سے ملاقات کا موقع ملا مگر سعیدہ امتیاز جمائما خان سے نہیں مل سکیں 'مگر میری ان سے فون پر گفتگو ہوئی، جبکہ ہمارے درمیان ای میل پر بھی الفاظ کا تبادلہ ہوا۔ میری ان سے لندن میں ملاقات ہونے کی توقع تھی، مگر ایسا نہیں ہوسکا، البتہ میں خان صاحب سے 4 یا 5 برس قبل مل چکی ہوں، پوری ٹیم اس وقت وہاں موجود تھی'۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ فلم عمران خان کی سیاسی تاریخ کو پیش نہیں کرے گی بلکہ ان کی ذاتی زندگی پر توجہ دی جائے گی۔
ان کے بقول ' کپتان کا انتخابات سے کوئی تعلق نہیں، یہ فلم خالص ان کی ذاتی زندگی پر ہے، جیسے ان کی وہ زندگی جو انہوں نے جمائما کے ساتھ گزاری، جب ان کی کوئی اور بیوی نہیں تھی۔ ایسی بہت سی چیزیں ہیں جو ہوسکتا ہے کہ لوگ ان کے بارے میں نہ جانتے ہوں اور انہیں اس فلم سے یہ جاننے کا موقع ملے'۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ایک نئے ڈائریکٹر کی تلاش ان متعدد وجوہات میں سے ایک تھی جس کی وجہ سے فلم کو تاخیر کا سامنا ہوا ' اس فلم میں تاخیر کی متعدد وجوہات ہیں، ماضی میں پروڈکشن کے دوران عمران خان کو انجری کا سامنا ہوا تو پروڈیوسرز کو لگا کہ اب اس پر کام کرنا ٹھیک نہیں۔ وقت گزرنے کے ساتھ پروڈیوسرز نے ری شوٹ کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ اسے پرفیکٹ بنایا جاسکے۔
مجھے خوشی ہے کہ نئے ڈائریکٹر نئے وژن کے ساتھ کام کررہے ہیں جس سے عمران خان کے کردار کے نئے پہلو سامنے آئیں گے۔ میرے خیال میں عبدالمنان نے عمران کے روپ میں اچھا کام کیا ہے، مگر میں یہ نہیں کہہ سکتی کہ میں کتنی اچھی رہی، بس توقع ہے کہ میں نے کردار سے انصاف کیا'۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ فلم کی شوٹنگ پاکستان کے مختلف مقامات پر کی گئی بشمول شمالی علاقہ جات اور بلوچستان کی کچھ لوکیشنز۔
اس فلم کی ریلیز کی تاریخ کی ابھی تصدیق نہیں کی گئی مگر سعیدہ امتیاز نے پیش گوئی کی کہ یہ فلم انتخابات کے بعد رواں سال ہی ریلیز کی جائے گی۔