• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

’پیپلز پارٹی نے بھٹو خاندان کے کسی فرد کو ٹکٹ نہیں دیا‘

شائع July 16, 2018
جی ڈی اے کی انتخابی ریلی میں بڑی تعداد میں لوگ شریک ہیں—فوٹو: ڈان
جی ڈی اے کی انتخابی ریلی میں بڑی تعداد میں لوگ شریک ہیں—فوٹو: ڈان

نوابشاہ: گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے سربراہ پیر پگارا نے دعویٰ کیا ہے کہ عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو اپنا رہنما تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے۔

انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ مخالفین کی گاڑیاں استعمال کریں لیکن انتخابات کے دن ووٹ جی ڈی اے کو دیں۔

نوابشاہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صبغت اللہ راشدی، جو پیر پگارا کے نام سے معروف ہیں، کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے بھٹو خاندان کے کسی فرد کو ٹکٹ نہیں دیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: جی ڈی اے کا پیپلز پارٹی کے گڑھ سے انتخابی جلسوں کا آغاز

ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبے میں بے روزگاری کی انتہائی شرح اس بات کا ثبوت ہے کہ زرداری لیگ نے گزشتہ 10 سالہ دور اقتدار میں سندھ کو صرف لوٹا ہے۔

انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے والد سے پوچھنا چاہیے کہ بینظیر انکم سپورٹ کارڈ کے ذریعے لوگ فقیر کیوں بنے؟

مزید پڑھیں: پی پی پی رہنما فہمیدہ مرزا کا جی ڈی اے میں شمولیت کا اعلان

پیر پگارا کا مزید کہنا تھا کہ آصف علی زرداری کہتے ہیں کہ وہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے قاتلوں کے نام جانتے ہیں لیکن آج تک کسی کو اس بارے میں کچھ نہیں بتایا۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تعریف کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے، پاک فوج اور رینجرز کی کوششوں کے بدولت امن واپس آیا۔

ڈیمز کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کالا باغ ڈیم کا باب ضیاء دور میں ہی بند ہوگیا تھا، اور لوگوں پر زور دیا کہ وہ مستقبل میں پانی کی قلت سے بچنے کے لیے دیامیر بھاشا ڈیم کی تعمیر کے لیے تعاون کریں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی سیاسی جماعتوں کی جمہوریت

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر غلام مصطفیٰ جتوئی کا کہنا تھا کہ ان کے خاندان کے نوابشاہ کے لوگوں سے بہت گہرے مراسم ہیں، جو پاکستان پیپلز پارٹی سے عاجز آچکے ہیں اور تبدیلی کے لیے ووٹ دیں گے۔

اس حوالے سے جی ڈی اے کے سیکریٹری جنرل ایاز لطیف پلیجو کا کہنا تھا کہ پیر پگارا کی سربراہی میں جی ڈی اے کا پودا نشونما پا کر توانا درخت بن جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جلسے میں ہزاروں افراد کی بھرپور شرکت سے ثابت ہوگیا کہ لوگوں نے آصف زرداری سے ڈرنا چھوڑ دیا ہے۔

اس موقع پر قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-213 سے جی ڈی اے کہ امیدوار سردار شیر محمد رند کا کہنا تھا کہ یہ اتحاد نوابشاہ کو لوگوں کو زرداری لیگ سے نجات دلائے گا۔


یہ خبر 16 جولائی 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024