• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:48pm
  • LHR: Asr 3:26pm Maghrib 5:03pm
  • ISB: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:48pm
  • LHR: Asr 3:26pm Maghrib 5:03pm
  • ISB: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm

عمران خان کا ہندو لڑکیوں کی ’زبردستی شادیاں‘ روکنے کا عزم

شائع July 12, 2018

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اگر اقتدار میں آئے تو اقلیتوں کے حقوق کی حفاظت کریں گے اور مسلمانوں کے ساتھ ہندوں لڑکیوں کی مبینہ طور پر زبردستی شادیاں روکنے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں گے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقدہ کنونشن میں اقلیتی گروپ کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے ہندو برادری سے ایسی شکایات موصول ہوئی ہیں کہ سندھ میں ان کی خواتین کی زبردستی، مسلمان لڑکوں سے شادی کردی جاتی ہے‘۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ معاشرے کے غریب طبقات کو بنیادی حقوق فراہم کرے۔

مزید پڑھیں: عمران خان کو بھی انتخابی مہم کے دوران عوامی مزاحمت کا سامنا

اس موقع پر پی ٹی آئی چیئرمین نے آئین میں بتائے گئے بنیادی حقوق فراہم کرکے اقلیتوں کی زندگی کو بہتر بنانے سے متعلق پارٹی ایجنڈہ پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ ’حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے مدینہ میں قائم کی گئی فلاحی ریاست میں اقلیتوں کو ان کے حقوق فراہم کیے تھے لیکن پاکستان میں کمزور اپنے حقوق سے محروم ہے‘۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں زیادہ تر ہندو خاندان سندھ میں رہائش پذیر ہیں اور ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق ضلع عمرکوٹ میں ہر ماہ تقریباََ 25 زبردستی شادیاں کردی جاتی ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ زیادہ تر اقلیتیں پسماندہ علاقوں میں رہائش پذیر ہیں اور یہاں کی ترقی ہی طاقتور اور امیر لوگوں کے چنگل سے نکلنے کا واحد راستہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امیر اور طاقتور کے لیے الگ الگ قانون ہے، امریکی شہری ریونڈ ڈیوس پاکستان میں 2 افراد کو قتل کرکے سفارتی استثنیٰ کی بنیاد پر چلا جاتا ہے لیکن اگر یہی واقعہ امریکا میں ہوا ہوتا تو کوئی بھی سفارتی استثنیٰ کی فکر نہیں کرتا۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ صرف وہی معاشرہ مہذب کہلاتا ہے جہاں ریاست کی جانب سے ہر کسی کے حقوق کا تحفظ کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی ٹوپیاں

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین پہلے ہی تمام کمیونٹیز کی رہائش، تعلیم اور صحت سمیت دیگر بنیادی حقوق کا تحفظ فراہم کرتا ہے۔

انتخابات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ 2018 کے عام انتخابات ملک میں ایک بڑی تبدیلی لائیں گے اور ملک میں رہنے والے ہر شخص کو بنیادی حقوق میسر آئیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کی کرپشن بے نقاب کرکے ان کا راستہ روک دیا ہے اور اب انتخابات میں صرف کچھ دن باقی ہیں اور میں ملک کو انقلاب کی جانب بڑھتا دیکھ رہا ہوں۔


یہ خبر 12 جولائی 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2024
کارٹون : 19 دسمبر 2024