• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کروشیا پہلی مرتبہ ورلڈ کپ فائنل میں پہنچ گیا، انگلینڈ باہر

شائع July 12, 2018
میچ میں کروشیا کے ہیرو اور اپنی ٹیم کے لیے دوسرا گول اسکور کرنے والے مینڈزیوکک جشن منا رہے ہیں— فوٹو: اے پی
میچ میں کروشیا کے ہیرو اور اپنی ٹیم کے لیے دوسرا گول اسکور کرنے والے مینڈزیوکک جشن منا رہے ہیں— فوٹو: اے پی

ماسکو: فیفا ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں کروشیا نے ایونٹ کی فیورٹ انگلینڈ کی ٹیم کو شکست دے کر پہلی مرتبہ عالمی کپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

ماسکو کے لزنیکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کے آغاز میں ہی انگلینڈ نے برتری حاصل کر کے کروشیا کی ٹیم کو دباؤ میں لے لیا۔

میچ کے چوتھے منٹ میں ڈیلی ایلی کو گرانے پر انگلینڈ کو فری کک ملی جس پر کیرن تریپیئر نے گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔

اس گول کی بدولت تریپیئر سابق کپتان ڈیوڈ بیکہم کے بعد ورلڈ کپ میں فری کک پر گول کرنے والے پہلے انگلش کھلاڑی بن گئے جہاں بیکہم نے 1998 اور 2006 ورلڈ کپ میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔

کروشیا کی جانب سے کیے گئے میچ کے دوسرے گول کا منظر— فوٹو: اے ایف پی
کروشیا کی جانب سے کیے گئے میچ کے دوسرے گول کا منظر— فوٹو: اے ایف پی

میچ کے 30ویں منٹ میں انگلینڈ کو برتری دگنی کا اس وقت نادر موقع ملا جب لنگارڈ نے کپتان ہیری کین کو شاندار پاس دیا لیکن کروشیا کے گول کیپر نے عمدہ دفاع کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو بڑے خسارے میں جانے سے بچا لیا۔

میچ کے پہلے ہاف میں کروشیا کی ٹیم نےگیند کا کنٹرول زیادہ تر اپنے پاس رکھا لیکن وہ گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔

دوسرے ہاف میں میچ کے 68ویں منٹ میں کروشیا کے پیریسک نے گیند کو جال میں پہنچا کر مقابلہ برابر کردیا۔

اس کے بعد کروشیا کی ٹیم نے دوسرے ہاف کے اختتام تک انتہائی شاندار اور جارحانہ فٹبال کھیلی جس کا انگلینڈ کے پاس کوئی جواب نہ تھا۔

کروشیا کی ٹیم نے انگلینڈ کے گول پر تابڑ توڑ حملے کیے لیکن بدقسمتی سے ہاف کے اختتام تک وہ برتری حاصل نہ کر سکے۔

میچ مقررہ وقت تک 1-1 سے برابر رہنے کے بعد اضافی 30 منٹ میں میچ کا فیصلہ کرنے کا طے کیا گیا۔

میچ کے اضافی وقت کے پہلے ہاف میں دونوں ہی ٹیمیں گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکیں لیکن دوسرے ہاف میں 109ویں منٹ میں ماریو مینڈزیوکک نے شاندار گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔

جب ریفری نے میچ کے اختتام کا اعلان کیا تو 2-1 کا اسکور کروشیا کی فتح اور انگلینڈ کی میچ میں حیران کن شکست کا اعلان کررہا تھا۔

کروشیا کی ٹیم نے ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے، 1998 میں کروشین سائیڈ نے سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی جہاں انہیں فرانس کے ہاتھوں شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔

میچ کے اختتامی لمحات میں انگلینڈ کے ڈیلی زیلی اور ایوان ریکیٹچ دست و گریباں ہو گئے تھے— فوٹو: اے ایف پی
میچ کے اختتامی لمحات میں انگلینڈ کے ڈیلی زیلی اور ایوان ریکیٹچ دست و گریباں ہو گئے تھے— فوٹو: اے ایف پی

شکست کے ساتھ انگلینڈ کا دوسری مرتبہ ورلڈ چیمپیئن بننے کا خواب چکنا چور ہو گیا جہاں انہوں نے 1966 میں پہلی اور آخری بار عالمی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

ایونٹ کا فائنل 15 جولائی فرانس اور کروشیا کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ ہفتے کو تیسری پوزیشن کے میچ میں بیلجیئم اور انگلینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024