• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

’انتخابی پوسٹرز پر چیف جسٹس اور آرمی چیف کی تصاویر کیوں لگائیں؟‘

شائع July 2, 2018 اپ ڈیٹ July 9, 2018

اسلام آباد: چیف الیکشن کمشنر نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پنجاب اسمبلی کی نشست کے لیے اُمیدوار ناصر چیمہ کی جانب سے انتخابی مہم کے دوران لگائے گئے پوسٹرز اور اشتہارات پر چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان اور آرمی چیف کی تصاویر استعمال کرنے کا نوٹس لے لیا۔

چیف الیکشن کمشنر، چنیوٹ سے پی ٹی آئی کے امیدوار کی جانب سے اشتہارات اور پوسٹرز پر چیف جسٹس میاں ثاقب نثار اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی تصاویر لگانے سے متعلق کیس کی سماعت کررہے تھے۔

کیس کی سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ کس بنیاد پر آپ نے چیف جسٹس اور آرمی چیف کی تصاویر لگائیں؟ کیا وہ آپ کے رشتہ دار ہیں؟ آرمی چیف اور چیف جسٹس کا انتخابات سے کیا تعلق ہے؟

مزید پڑھیں: راولپنڈی انتظامیہ نے سیاسی جماعتوں کے بینرز اور پوسٹرز اتار دیے

جس پر پی ٹی آئی کے اُمیدوار نے الیکشن کمشنر کو بتایا کہ یہ اشتہار اور پوسٹرز الیکشن شیڈول جاری ہونے سے پہلے لگائے گئے تھے۔

اس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ جب بھی لگائے گئے، آپ یہ بتائیں کہ کیوں لگائے گئے؟ بعد ازاں الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے امیدوار ناصر چیمہ سے تحریری جواب طلب کر لیا۔

چیف الیکشن کمشنر نے پی ٹی آئی کے اُمیدوار کو تحریری طور پر جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی کہ ’انہیں کیوں الیکشن لڑنے سے نہ روکا جائے‘۔

جس کے بعد کیس کی سماعت 9 جولائی تک کے لیے ملتوی کردی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: انتخابات 2018: سندھ میں عوامی املاک پر پارٹی پرچم اور بینرز لگانے پر پابندی

خیال رہے کہ تحریک انصاف کے اُمیدوار ناصر چیمہ ماضی میں پنجاب اسمبلی کے حلقہ 97 (پرانے گجرانوالہ) سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے تاہم انہوں نے الیکشن 2018 کے لیے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 62 (گجرانوالہ) سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024