کروشیا نے ڈنمارک کو پینالٹی شوٹ آؤٹ میں 2-3 سے شکست دے دی
فٹ بال ورلڈ کپ 2018 کے پری کوارٹر فائنل کے چوتھے میچ میں کروشیا نے ڈنمارک کو پینالٹی شوٹ آؤٹ میں 2-3 گول سے شکست دے دی۔
نزنی نووگوروڈ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ورلڈ کے چوتھے پری کوارٹر فائنل کا دلچسپ مقابلہ پہلے ہاف میں ایک ایک گول سے برابر رہا۔
سنسنی خیز میچ کے آغاز میں پہلے ہی منٹ میں ڈنمارک کے ماتیاس یورگنسن نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلادی تھی۔
تاہم کروشیا کی جانب سے ماریو ماندژوکیچ نے بھی چوتھے منٹ میں گول کر کے میچ کو برابر کردیا تھا جس کے بعد سے میچ برابر پہلے ہاف کے اختتام تک برابر رہا۔
دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے کئی کوششوں کے باوجود گول کرنے میں ناکام رہے جس کے بعد دونوں ٹیموں کو اضافی وقت دیا گیا تاہم اضافی وقت میں بھی دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں۔
اضافی وقت کے بعد گیم کا پینالٹی شوٹ آؤٹ میں فیصلہ ہوا جس میں کروشیا نے ڈنمارک کو 2-3 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔
اس سے قبل اسپین اور روس کے درمیان ہونے والے میچ کو روس نے پینالٹی شوٹ آؤٹ میں اسپین کو 3-4 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ بنالی تھی۔
گزشتہ روز میسی کی ٹیم ارجنٹائن اور رونالڈو کی ٹیم پرتگال بھی ورلڈکپ کے پری کوارٹرفائنل سے باہر ہوچکی ہیں۔
فرانس نے ارجنٹائن کو شکست دے کر کوارٹرفائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم کا اعزاز حاصل کیا تھا جس کے بعد یوراگوئے نے پرتگال کو شکست دے کر کوارٹرفائنل میں اپنی جگہ پکی کرلی تھی۔