• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

’25 جولائی کو ایم کیو ایم کے نام نہیں نشان کو ووٹ ملے گا‘

شائع June 30, 2018

متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم ) پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم سے متعلق گروہ بندی کا تاثر ختم ہو جانا چاہیے، 25 جولائی کو ایم کیو ایم کے نام نہیں نشان کو ووٹ ملے گا۔

کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار اور عامر خان کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمیں یقین ہے کہ ایم کیو ایم کے ووٹرز 25 جولائی کو پتنگ کے نشان پر مہر لگائیں گے۔

فیصل سبزواری نے کہا کہ پارٹی کومشکل سے نکالنے کے لیے مشترکہ کوششیں کی ہیں، اب ایم کیو ایم سے متعلق گروہ بندی کا تاثر ختم ہو جانا چاہیے، انتخابی مہم میں فارق ستار، عامر خان، خالد مقبول صدیقی سمیت تمام رہنما ساتھ نظر آئیں گے۔

مزید پڑھیں: ایم کیوایم بہادرآباد و پی آئی بی کا لیاقت آباد میں مشترکہ جلسے کااعلان

ان کا مزید کہنا کہ 25 جولائی کو نام نہیں ایم کیو ایم کے کام اور نشان کو ووٹ ملے گا اور عوام جانتے ہیں کہ پتنگ ہی ان کے لیے کھڑی تھی اور کھڑی رہے گی۔

ایک سوال کے جواب میں فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز ڈاکٹر فاروق ستار جب میمن مسجد گئے تو سیکڑوں لوگوں نے ان کے ساتھ تصاویر بنوائیں لیکن اس نقطہ کو نہیں دکھایا گیا بلکہ جماعت اسلامی کے ایک فرد کی جانب سے کی گئی نعرے بازی کو دکھایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی 30 برسوں سے ایم کیو ایم پرالزامات لگاتی آرہی ہے،ہرحلقے میں جہاں ایم کیو ایم جیتتی آئی ہے وہاں اس کے مخالفین بھی رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مخالفین کی منفی مہم سے ہم پریشان نہیں ہیں بلکہ یہ مہم بھی ایم کیوایم کو فائدہ پہنچائیں گی۔

اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ گروہ بندی نہ بھی ہو تو انتخابات کے منظر نامے میں گروہ بندی کا تاثر آجاتا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ڈاکٹر فاروق ستار جمعے کی نماز ادا کر کے میمن مسجد سے باہر نکلے تو شہریوں سے ملاقات کرنے لگے، جہاں بعض نے تو ان کے ساتھ سیلفیاں بنائی جبکہ کئی نے شدید تنقید کی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کی سیاست میں ایم ایم اے کی دوسری اننگز

اس دوران ایک بزرگ شہری نے مسجد سے نکلتے ہوئے کہا کہ 25 سال سے صرف باتیں سن رہے ہیں۔

فاروق ستار نے جب شہری کی تنقید سنی تو اپنے حامیوں کو تاکید کی کہ اپنا کام کریں، اسی طرح بزرگ کی تنقید سن کر کچھ نوجوان ’انصاف دو، انصاف دو‘ کے نعرے بھی لگانے لگے۔

بزرگ شہری نے اونچی آواز میں فاروق ستار کو مشورہ دیا کہ خدا سے معافی مانگو، اور متحدہ قومی موومنٹ سے توبہ کرو۔

تبصرے (1) بند ہیں

KHAN Jun 30, 2018 06:27pm
پی پی یا پتنگ یا بلے والے اس بار بھی ووٹ لے کر کراچی کے لوگوں کے لیے کچھ نہیں کرسکیں گے۔ کے ایم سی ، کے ڈی اے، بلڈنگ کنٹرول ، واٹر بورڈ میں پی پی یا پتنگ والوں کے کارکن افسران و ملازم کی حیثیت سے بھرتی ہیں مگر یہ ان سے صرف انتخابات کے موقع پر کام لیتے ہیں، تاہم افسوس ان کو اصل کام جس کی ان کو تنخواہ ملتی ہے وہ ہے ، شہر و شہریوں کی خدمت کا، اس کے متعلق کبھی نہیں کہا جاتا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024