• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

فیئرپلے قانون کی بدولت جاپان ورلڈ کپ کے اگلے راؤنڈ میں، سینیگال باہر

شائع June 28, 2018
جاپان کے شائقین اپنی ٹیم کے اگلے راؤنڈ میں پہنچنے کا جشن منا رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
جاپان کے شائقین اپنی ٹیم کے اگلے راؤنڈ میں پہنچنے کا جشن منا رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

فٹبال ورلڈکپ کے گروپ ایچ میں کولمبیا نے سینیگال کو شکست دے کر دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنالی جبکہ جاپان کی ٹیم پولینڈ کے خلاف شکست کے باوجود فیئر پلے کی بنیاد پر ناک آؤٹ راؤنڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئی۔

سمارا میں کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ کے گروپ ایچ میں کولمبیا اور سینیگال کی ٹیمیں پہلے ہاف میں کوشش کے باوجود کوئی اسکور نہ کر سکیں البتہ دوسرے ہاف کے 74ویں منٹ میں کولمبیا کے ییری مینا نے گول کر کے اپنی ٹیم کو فیصلہ کن برتری دلا دی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔

دوسری جانب وولگو گریڈ ارینا میں کھیلے گئے گروپ ایچ کے دوسرے میچ میں پولینڈ نے جاپان کو 1-0 سے شکست دے دی لیکن اس کے باوجود ایشین ٹیم پری کوارٹر فائنل راؤنڈ میں پہنچنے میں کامیاب ہو گئی۔

اس میچ کے پہلے ہاف میں بھی دونوں ٹیمیں گول اسکور نہ کر سکیں لیکن دوسرے ہاف کے 59ویں منٹ میں پولینڈ کے جین بیڈناریک نے گیند کو گول کی راہ دکھا کر اپنی ٹیم کو فیصلہ کن معرکے میں فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

اس میچ میں فتح کے باوجود اپنے ابتدائی دو میچ ہارنے والی پولینڈ کی ٹیم اگلے راؤنڈ میں نہ پہنچ سکی جبکہ جاپان نے شکست کے باوجود فیئر پلے قانون کے تحت اگلے راؤنڈ میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

پوئنٹس ٹیبل پر کولمبیا کی ٹیم سرفہرست رہی لیکن سینیگال اور جاپان کی ٹیموں کے یکساں 4پوائنٹس رہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا میچ 2-2 گول سے برابر رہا اور دونوں ٹیموں نے مجموعی طور پر 4، 4 گول کیے اور ان کے خلاف بھی اتنے ہی گول ہوئے۔

اس بنیاد پر اگلے راؤنڈ میں جگہ بنانے والی ٹیم کا فیصلہ فیئر پلے قانون کے تحت کیا گیا اور گروپ مرحلے میں جاپان کے مقابلے میں دو زیادہ پیلے کارڈ دکھنے کے سبب سینیگال کی ٹیم ایونٹ سے باہر ہو گئی۔

اس کے ساتھ ہی جاپان کی ٹیم ورلڈ کپ کی تاریخ میں فیئر پلے قانون کی بنیاد پر اگلے راؤنڈ میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی جبکہ سینیگال اس قانون کے سبب عالمی کپ سے باہر ہونے والی پہلی ٹیم بن گئی۔

سینگال کی شکست کے ساتھ ہی کوئی بھی افریقی ٹیم عالمی کپ کے اگلے راؤنڈ میں نہ پہنچ سکی اور یہ 1982 کے ورلڈ کپ کے بعد پہلا موقع ہے کہ کوئی بھی افریقی ٹیم گروپ مرحلے سے آگے نہ جا سکی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024