• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

آرمی چیف نے الیکشن میں فوجی دستوں کی تعیناتی کی منظوری دے دی

شائع June 27, 2018

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے عام انتخابات میں سیکیورٹی امور کے لیے فوجی دستوں کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔

جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی سربراہی میں کورکمانڈر کانفرنس منعقد ہوئی جس میں صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کی مکمل معاونت کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک پیغام جاری کیا گیا جس میں انہوں نے کہا کہ کور کمانڈرز اجلاس میں ملک و خطے کی سیکیورٹی صورت حال اور آپریشن ردالفساد کے تحت کارروائیوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ ملکی داخلی سیکیورٹی اور ملکی دفاع سے توجہ ہٹائے بغیر الیکشن کے انعقاد میں اداروں کی مکمل معاونت کی جائے گی۔

خیال رہے کہ ملک میں آئندہ حکومت کے قیام کے لیے عام انتخابات 25 جولائی کو منعقد کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ 25 جون کو نگراں وزیر اعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک سے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی تھی۔

مذکورہ ملاقات کی تفصیلات سے میڈیا کو آگاہ نہیں کیا گیا تھا، تاہم نگراں وزیر اعظم اور آرمی چیف کے درمیان ممکنہ طور پر 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے مجموعی سیکیورٹی انتظامات اور پاک ۔ افغان سرحد پر حالیہ کشیدگی سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

رواں ماہ کے اوائل میں چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا سے ملاقات میں یہ طے کیا گیا تھا کہ انتخابات کے لیے قائم کیے جانے والے لگ بھگ 85 ہزار پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر فوجی دستے تعینات کیے جائیں گے، جبکہ 20 ہزار سے زائد حساس پولنگ اسٹیشنز میں سیکیورٹی کیمرے بھی نصب کیے جائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024