• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

نائجیریا ناکام، ارجنٹائن اور کروشیا کی اگلے راؤنڈ میں رسائی

شائع June 27, 2018
مارکوس روجو اور لیونل میسی ارجنٹائن کے دوسرے گول کا جشن منا رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
مارکوس روجو اور لیونل میسی ارجنٹائن کے دوسرے گول کا جشن منا رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

فیفا ورلڈ کپ کے اہم میچ میں ارجنٹائن کی ٹیم نے نائجیریا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-1 سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا جبکہ کروشیا نے آئس لینڈ کو شکست دے دی۔

سینٹ پیٹرز برگ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ ڈی کے اہم میچ میں ارجنٹائن کو اگلے راؤنڈ میں رسائی کے لیے لازمی فتح درکار تھی اور اسی وجہ سے میچ کے شروع سے ہی انہوں نے جارحانہ کھیل پیش کیا۔

میچ کے 14ویں ہی منٹ میں لیونل میسی نے عمدہ گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی جبکہ جلد ہی ہگوین کو برتری دگنی کرنے کا نادر موقع ملا لیکن وہ گیند کو جال تک نہ پہنچا سکے۔

پہلے ہاف کے اختتام تک ارجنٹائن کو میچ میں برتری حاصل تھی لیکن دوسرے ہاف کے 51ویں منٹ میں نائجیریا کو پینالٹی ملی جس پر وکٹر موسز نے گول کر کے مقابلہ برابر کردیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان اس کے بعد برتری کے حصول کی جنگ شروع ہوئی خصوصاً ارجنٹائن کی جانب سے حملوں میں تیزی آ گئی لیکن وہ گول اسکور کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔

تاہم میچ ختم ہونے سے چند منٹ قبل 86ویں منٹ میں مارکوس روجو نے شاندار گول کر کے اپنی ٹیم کو میچ میں برتری دلا دی جو فیصلہ کن ثابت ہوئی اور ارجنٹائن نے 2-1 سے فتح حاصل کر کے اگلے راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔

دوسری جانب روستوو ارینا میں کروشیا اور آئس لینڈ کے درمیان کھیلے گئے میچ کے پہلے ہاف میں مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا لیکن دوسرے ہاف میں کروشیا کے میلان بدلیجی نے جمود کو توڑتے ہوئے 53ویں منٹ میں اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔

میچ کے 76ویں منٹ میں آئس لینڈ کو پینالٹی ملی جس پر گلفی سگروسن نے گول کر کے مقابلہ برابر کردیا اور آئس لینڈ کی اگلے راؤنڈ تک رسائی کی امیدیں پھر سے زندہ ہو گئیں کیونکہ میچ جیتنے کی صورت میں وہ پری کوارٹر فائنل مرحلے میں پہنچ سکتے تھے۔

البتہ میچ کے 90ویں منٹ میں ایوان پیریسک نے گول کر کے کروشیا کو 2-1 کی شاندار فتح سے ہمکنار کرادیا اور اس طرح کروشیا کی ٹیم پہلے راؤنڈ میں ناقابل شکست اور سرفہرست رہی جبکہ نائجیریا اور آئس لینڈ کا سفر پہلے ہی راؤنڈ میں تمام ہو گیا۔

ایونٹ کے پری کوارٹر فائنل میں ارجنٹائن کا مقابلہ ورلڈ کپ کے لیے فیورٹ قرار دی جانے والی فرانس اور کروشیا کا ڈنمارک سے ہو گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024