کراچی کو لاہور، سندھ کو پنجاب کی طرح ترقی یافتہ بناؤں گا، شہباز شریف
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ میرا نظریہ کراچی کی ترقی ہے، الیکشن شفاف ہونے چاہیں، الیکشن جیت کر سندھ میں مخلوط حکومت بنا سکتے ہیں، کراچی آیا ہوں اور اب پان کھانے والے بھائیوں کے شہر'کرانچی' کو لاہور بنادوں گا اور سندھ کو پنجاب کی طرح ترقی یافتہ بناؤں گا۔
کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایک سے زائد نشستوں پر کامیابی کی صورت میں کراچی کی نشست کو ہی بر قرار رکھوں گا، ملکی معاشی حب کراچی اب پر امن ہو گیا ہے جہاں صرف صفائی اور دیگر سہولیات کی فراہمی کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے میں کرپشن کا کیس نیب نے نہیں ہم نے پکڑا تھا جس میں 70 ارب روپے کی کرپشن ہو رہی تھی۔
مزید پڑھیں: شہباز شریف، عمران سمیت امیدواروں کی ٹیکس تفصیلات بھی سامنے آگئیں
ایک سوال کے جواب میں شہباز شریف نے کہا کہ میں کسی خلائی مخلوق کو نہیں جانتا۔
محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وہ کراچی کے لوگوں کو خواب دکھانے نہیں بلکہ کراچی کو ترقی یافتہ شہر بنانے کا عزم لے کرآئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی سابقہ حکومت نے کراچی کو امن کا گہوارہ بنایا اب یہاں پر ماڈل پبلک ٹرانسپورٹ دینے اور روشنیاں بحال کرنے کا وقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ کراچی کی شہریوں کے والہانہ استقبال کرنے پر شکر گزار ہیں اور ہم عوام کو 3 سال میں پینے کا صاف پانی ان کے گھروں تک پہنچائیں گے۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہم کراچی کے باسیوں سے جو بھی وعدے کررہے ہیں وہ ضرور پورے کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: آصف زرداری 6 بلٹ پروف گاڑیوں اور ہزاروں ایکڑ اراضی کے مالک
انہوں نے کہا کہ کراچی والوں کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے اتنی محبت دی اور کراچی سے انتخابی مہم شروع کرنے کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی کے الزامات کا جواب نہیں دونگا۔
ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ کراچی میں ہماری حکومت نہیں تھی، سندھ کا حساب پیپلز پارٹی سے لیا جائے ہمیں پنجاب میں لوگوں نے مینڈیٹ دیا اور ہم سے پنجاب کے بارے میں پوچھا جانا چاہیے، میں دعوت دیتا ہوں کہ عوام پنجاب اور دیگر صوبوں کی کارکردگی کا جائزہ لے کر فیصلہ کریں۔
شہباز شریف نے شہر قائد میں 3 نئی بس لائنیں چلانے کا بھی وعدہ کیا تاہم ان کا کہنا تھا کہ بسوں کےلئے مٹھائی مانگی جائے تو منصوبے کیسے مکمل ہونگے۔