• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

روس کو 0-3 سے شکست، گروپ اے میں یوراگوئے سرفہرست

شائع June 26, 2018
یوراگوئے کے ایڈینسن کوانی گول اسکور کر کے جشن منا رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
یوراگوئے کے ایڈینسن کوانی گول اسکور کر کے جشن منا رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

ماسکو: فیفا ورلڈکپ یوراگوئے نے یوراگوئے نے میزبان روس کو 0-3 سے شکست دے کر گروپ اے میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی جبکہ سعودی عرب نے مصر کو ہرا کر اپ سیٹ کردیا۔

فیفا ورلڈ کپ کے 12ویں دن سمارا میں کھیلے گئے گروپ اے کے میچ میں یوروگوئے کی ٹیم شروع سے ہی حاوی رہی اور میچ کے 10ویں منٹ میں بارسلونا کے اسٹار لوئس سواریز نے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔

میچ کے 23ویں منٹ میں یوراگوئے نے ایک اور عمدہ موو بنائی جس کی بدولت روس کے اون گول کے ذریعے انہوں نے 2-0 کی برتری حاصل کر لی۔

پہلے ہاف کے اختتام تک روس کی ٹیم انتہائی کوشش کے باوجود خسارے کو کم کرنے میں ناکام رہی جبکہ ہاف کے اختتام سے قبل میزبان ٹیم کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب دوسرا پیلا کارڈ ملنے پر ریڈ کارڈ کے ذریعے ایگو اسمال نیکوو کو میدان سے باہر بھیج دیا گیا اور روس کی ٹیم 10کھلاڑیوں تک محدود ہو گئی۔

دوسرے ہاف میں بھی مجموعی طور پر یوراگوئے کی ٹیم چھائی رہی اور میچ کے 90ویں منٹ میں ایڈنسن کوانی نے گول کر کے یوراگوئے کی میچ میں 3-0 سے فتح پر مہر ثبت کردی۔

اسی دوران کھیلے گئے گروپ اے کے دوسرے میچ میں سعودی عرب کی ٹیم نے مصر کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-1 سے مات دے کر اپ سیٹ کردیا۔

ایونٹ کے پہلے میچ میں روس کے ہاتھوں 0-5 سے دوچار ہونے والی سعودی عرب کی ٹیم نے اس میچ میں حیران کن کھیل پیش کرتے ہوئے مصر پر اپنی سبقت ثابت کی۔

مصر کی جانب سے محمد صلاح نے 22ویں منٹ میں گول اسکور کرکے ٹیم کو برتری دلائی جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی، سعودی عرب کو میچ کے 41ویں منٹ میں ایک پینالٹی بھی ملی لیکن وہ اس پر گول نہ کر سکے۔

دوسرے ہاف کے چھٹے منٹ میں سعودی عرب کو ایک اور پینالٹی ملی اور سلمان الفرج نے کوئی غلطی نہ کرتے ہوئے مقابلہ 1-1 گول سے برابر کردیا۔

میچ کے آخری لمحات میں انجری ٹائم کے 5ویں منٹ میں سلیم الدوساری نے گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو ورلڈ کپ میں پہلی کامیابی سے ہمکنار کرادیا۔

تاہم یہ کامیابی سعودی عرب کے کسی کام نہ آئی اور یوراگوئے اور روس نے ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا جبکہ مصر اور سعودی عرب کی ٹیمیں باہر ہو گئیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024