نیب ہیڈکوارٹر کو بارود سے اڑانے کی دھمکی دی گئی، چیئرمین نیب
لاہور: چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے انکشاف کیا ہے کہ میگا کرپشن کیسز کے خلاف تحقیقات پر نیب ہیڈکوارٹر کو بارود سے اڑانے کی دھمکی دی گئی۔
چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے نیب لاہور بیورو کا دورہ کیا جہاں ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) نیب لاہور کی جانب سے انہیں لاہور بیورو کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر چیئرمین نیب نے کہا کہ ’میگا کرپشن مقدمات کو فائلوں سے نکالا اور ان کی گرد صاف کی جس کی وجہ سے میگا کرپشن مقدمات میں حوصلہ افزا پیش رفت ہوئی، جبکہ آنے والے دنوں میں میگا کرپشن کیسز کے اکثر مقدمات ریفرنس کی صورت میں احتساب عدالتوں میں ٹھوس شواہد کے ساتھ اور قانون کی مطابق دائر کر دیئے جائیں گے۔‘
یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت نیب کے ساتھ تعاون نہیں کررہی، جاوید اقبال
ان کا کہنا تھا کہ ’ان میگا کرپشن کیسز کے خلاف تحقیقات پر نیب ہیڈکوارٹر کو بارود سے اڑانے کی دھمکی دی گئی، لیکن زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے اور باری تعالیٰ کے علاوہ کسی سے نہیں ڈرتے، بدعنوانی کے خلاف نیب کا بلاتفریق جہاد جاری رہے گا۔‘
جاوید اقبال نے کہا کہ ’سالوں میں پہلی بار نیب نے بدعنوان عناصر سے پوچھا ہے کہ قانون نے آپ کو جو اختیارات دیئے ان پر میرٹ اور شفافیت سے عمل درآمد کیوں نہیں ہوا اور عوام کے ٹیکس سے حاصل شدہ رقوم کو دونوں ہاتھوں سے کیوں لوٹا گیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’نیب فیس نہیں کیس کو دیکھتا ہے جبکہ ادارے کا الیکشن سے کوئی تعلق نہیں، نیب کے سامنے صرف اور صرف پاکستان کے مفادات کا تحفظ اور بدعنوانی کا خاتمہ مقصود ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’پنجاب میں کمپنیز اسکینڈل میں اربوں روپے کی مبینہ بدعنوانی ہوئی،ان بدعنوان عناصر کو قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔‘
مزید پڑھیں: چیئرمین نیب کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں درخواست
چیئرمین نیب نے کہا کہ ’ہم نے نیب میں کام، کام اور صرف کام کے کلچر کو فروغ دیا ہے، ہم نے 7 ماہ کے مختصر عرصے میں نہ صرف نیب کی ساخت کو بہتر بنایا بلکہ عوام کا اعتماد بھی ادارے پر بڑھا ہے۔‘
انہوں نے ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم کی سربراہی میں نیب لاہور کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’نیب لاہور کی کارکردگی انتہائی متاثرکن ہے جس نے 18 ارب روپے بدعنوان عناصر سے برآمد کرتے ہوئے متاثرین کو لوٹائے اور ملزمان کو گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا۔‘
بعد ازاں نگراں وزیر داخلہ اعظم خان نے نیب ہیڈ کوارٹرز کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
نگراں وزیر داخلہ کی ہدایت کے بعد آئی جی اسلام آباد نے نیب ہیڈ کوارٹرز کی سیکیورٹی پولیس کمانڈوز کے حوالے کر دی۔
تبصرے (1) بند ہیں