• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

نگراں وزیراعظم سے آرمی چیف کی ملاقات،سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال

شائع June 25, 2018
— فوٹو: بشکریہ پی آئی ڈی
— فوٹو: بشکریہ پی آئی ڈی

اسلام آباد: نگراں وزیر اعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک سے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔

رواں ماہ کے اوائل میں نگراں وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ناصر الملک سے آرمی چیف کی دوسری ملاقات ہے۔

ملاقات کے حوالے سے میڈیا کو اب تک تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا گیا، تاہم نگراں وزیر اعظم اور آرمی چیف کے درمیان ممکنہ طور پر 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے مجموعی سیکیورٹی انتظامات اور پاک ۔ افغان سرحد پر حالیہ کشیدگی سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

رواں ماہ کے اوائل میں چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا سے ملاقات میں یہ طے کیا گیا تھا کہ انتخابات کے لیے قائم کیے جانے والے لگ بھگ 85 ہزار پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر فوجی دستے تعینات کیے جائیں گے، جبکہ 20 ہزار سے زائد حساس پولنگ اسٹیشنز میں سیکیورٹی کیمرے بھی نصب کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر فوج تعینات کرنے کا فیصلہ

انتخابات کے انتظامات سے متعلق اجلاس

انتخابات سے متعلق انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے نگراں وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس بھی ہوا جس میں چاروں صوبوں کے نگراں وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی۔

وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق اجلاس کے دوران وزیر اعظم کو عام انتخابات 2018 کے بروقت انعقاد کے لیے کی جانے والی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں نگراں وزیر داخلہ محمد اعظم خان، چاروں صوبوں کے نگراں وزرائے اعلیٰ، وزیر اعظم کے سیکریٹری سہیل عامر، سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد، خزانہ، داخلہ اور دفاعی ڈویژنز کے سیکریٹریز، چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور آئی جیز اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن نے اجلاس کے شرکا کو انتخابات کے انعقاد کے لیے کیے جانے والے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی اور انتخابی امیدواروں، پریذائیڈنگ افسران، پولنگ عملہ، الیکشن ڈیوٹیوں پر مامور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں، میڈیا اور انتخابی عمل کی نگرانی کرنے والے ملکی اور غیر ملکی مبصرین کے لیے ضابطہ اخلاق کے حوالے سے شرکا کو آگاہ کیا۔

مزید پڑھیں: انتخابات 2018: غیر ملکی مبصرین، انتخابی عملے اور دیگر کیلئے ضابطہ اخلاق جاری

نگراں وزیر اعظم الیکشن کمیشن کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آزاد، صاف و شفاف اور پرامن انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی اولین ذمہ داری ہے۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں الیکشن کمیشن کو اس کی آئینی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024